لاہور ( خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہاکہ حکمران عالمی سامراج کے اشاروں پر 295 سی کے خلا ف سازشوںمیں مصروف ہیں اور عالمی اسٹیبلشمنٹ کے مہرے اس قانون کو ختم کردینا چاہتے ہیں مگر ہم نے بھی تہیہ کیا ہے کہ 295 سی کو بچانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے اگرحکومت نے توہین رسالت کی سزاموت کے قانون میں ترمیم کرنے کی جرأت کی تو وہ حکمرانوں کے اقتدار کا آخری دن ہوگا۔ ہم کرپشن کے خلاف سپریم کورٹ اور سود کے خلاف فیڈرل شریعت کور ٹ میں جدوجہد کررہے ہیں،کرپشن کے خلاف سپریم کورٹ سے ایسے فیصلے کے منتظر ہیں جس سے کرپٹ اشرافیہ کے ہاتھوں میں ہتھکڑی اورانھیں سلاخوں کے پیچھے دھکیلنے کی راہ ہموار ہو سکے۔ پشاور کے دینی مدرسے میں ختم بخاری شریف کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام میں علماء کرام اور دینی مدارس کا بہت اہم کردارہے۔ 23مارچ 1940ء کو قرارداد پاکستان پیش کرنے والے مولوی فضل حق آکسفورڈ یونیورسٹی کے ڈگری ہولڈرنہیں تھے۔ اسی طرح قائداعظم کے کہنے پر پاکستان کا سبزہلالی پرچم لہرانے والے بھی ایک عالم دین شبیراحمدعثمانی تھے۔انھوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی حکومت قائم ہوئی تو ہم سیکورٹی اور دفاع کے بعد سب سے زیادہ بجٹ تعلیم کے لئے مختص کریں گے اساتذہ کوعزت وتوقیر اور ہرپاکستانی بچے کومفت تعلیم دیں گے ، ہمارے پاس ملک میں تعلیمی انقلاب کیلئے مکمل ایجنڈاہے۔ انھوں نے کہاکہ 28 مارچ کو مرکزی ذمہ دارن کا اہم اجلاس طلب کیا ہے جس میں موجود ہ سیاسی صورتحال ، سوداورکرپشن کے خلاف جاری تحریک کے سلسلے میںآئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔