اسلام آباد (آن لائن) ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے لکی مروت سے پیدل چل کر اسلام آباد پہنچنے والے ’’عافیہ قافلہ غیرت‘‘ کے شرکاء کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، بیٹیاں بیچی نہیں جاتیں، قوم کی غیرت کو مجروح نہ کیا جائے، انصاف کا دوہرا معیار ملکی سالمیت کیلئے تباہ کن ہے، عافیہ کو باعزت وطن واپس لایا جائے۔ 31 مارچ سے ’’ہفتہ مظلوم عافیہ‘‘ میں ملک و بیرون ملک عافیہ کی وطن واپسی کیلئے زوردار آواز بلند کی جائے گی۔ نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا لاہور میں پانچ انسانی جانوں کے قاتل اور غیر ملکی جاسوس ریمنڈ ڈیوس کے بعد اب حکومت ایک مرتبہ پھر ڈیل کر رہی ہے، اپوزیشن کہاں ہے؟ وزیراعظم محمد نوازشریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار ان کا پیغام سنیں اور اپنا وعدہ پورا کریں۔