اسلام آباد + راولپنڈی (سٹاف رپورٹر ) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دفاعی معاہدہ طے پا گیا۔ اس حوالے سے وزارت دفاع میں منعقدہ تقریب میں معاہدے پر دونوں ممالک کے وزراء نے دستخط کیے جبکہ وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے جنوبی افریقہ کی ہم منصب این این مپیسہ نقاکولہ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے کلیدی کامیابیاں حاصل کی ہیں، ہم ہتھیاروں اور اسلحہ خریداری کیلئے مغرب پر انحصار کم کر رہے ہیں اور جنوبی افریقہ جیسے دوست ممالک کے ساتھ روابط بڑھا رہے ہیں۔ دریںاثناء مپیسہ نقاکولہ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین سے بھی الگ الگ ملاقات کی۔ اس دوران دفاع، سلامتی کے شعبوں سمیت دو طریفہ تعاون کے فروغ کیلئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ میں گزشتہ روز اسلام آباد میں دفاع اور دفاعی صنعت کے معاہدے پر دستخط کر دیئے گئے۔ طے پانے والے معاہدہ کے تحت دونوں ممالک مشترکہ ڈیفنس کمیٹی بنائیں گے جو دفاعی تربیت اور پروگرامز مرتب کرے گی۔ معلومات کا تبادلہ اور دفاعی ساز و سامان کی خرید و فروخت بھی معاہدے میں شامل ہے۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے کلیدی کامیابیاں حاصل کی ہیں‘ پاک افواج نے دہشت گردوں کی آماجگاہیں تباہ اور بے دخل خاندانوں کو بحال کیا‘ پاکستان دہشت گردی کے خلاف لڑنے والا صف اول کا ملک ہے‘ اس موقع پر جنوبی افریقہ کی وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو سراہتے ہیں لڑاکا طیاروں کی خریداری میںد لچسپی ہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ملٹری ٹیکنیکل معاہدے کی راہ ہموار ہوگئی۔ سرحدی تحفظ اور امیگریشن امور پر پاکستان سے مدد لیں گے۔ دریں اثناء این این مپیسہ نقاکولہ نے وفد کے ہمراہ وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین سے بھی ملاقات کی‘ ملاقات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لئے مختلف امور پر غور اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مزید برآں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جنوبی افریقہ کی وزیر دفاع این این مپیسہ نقاکولہ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مپیسہ نقاکولہ نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کی کامیابیاں قابل ستائش ہیں۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور سکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنوبی افریقی وزیر دفاع نے جی ایچ کیو میں یاد گار شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے جنوبی افریقی وزیر دفاع کو سلامی دی۔