ایف بی آر کو کاروباری مقامات پر بلاوجہ چھاپے نہیں مارنے چاہیں: شیخ علائوالدین

Mar 28, 2017

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر برائے انڈسٹریز شیخ علائوالدین نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو بلاوجہ کاروباری مقامات پر چھاپے نہیں مارنے چاہئیں، وہ یہ معاملہ حکام بالا کے سامنے اٹھائیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر اور سکلز فار آل کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہورچیمبر کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا، نائب صدر محمد ناصر حمید خان اور چیف ایگزیکٹو سکل فار آل سکندرحمید لودھی نے اس موقع پر خطاب کیا جبکہ مہرین سید، تنویر احمد، معظم رشید، علی حسام اصغر، تہمینہ سعید چودھری، سید مختار علی اور اشرف بھٹی بھی تقریب میں موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ تاجر معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں جنہیں عزت و احترام دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سرکاری اہلکار اپنے صوابدیدی اختیارات کا غلط استعمال کرتا اور بلاوجہ تاجروں کو ہراساں کرتا ہے تو انہیں اطلاع دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک تاجروں کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا لہذا پنجاب حکومت انہیں سہولیات دینے اور مسائل حل کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 2018ء تک بیس لاکھ ہنرمند افراد کی تیاری کا ہدف مقرر کیا ہے جس سے صنعتوں کو بہترین افرادی قوت میسر آئے گی۔ لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط نے صوبائی وزیر کی سپورٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے تاجروں کا مورال بند ہوگا۔

مزیدخبریں