جارجیا میںبچوں کو خدا کا یقین دلانے کیلئے ماں نے کار کھمبے سے ٹکرادی ،جیل منتقل

Mar 28, 2018

نورکروس(صباح نیوز)امریکی ریاست جارجیا میں ماں نے اپنے کم سن بچوں کو خدا کا یقین دلانے کیلئے اپنی کار کھمبے سے ٹکرادی، پولیس نے ماں کو جیل بھیج کر بچے دادا دادی کے حوالے کردیئے۔جارجین ٹریفک پولیس نے نصب کردہ کیمرے سے دیکھا کہ 25 سالہ ایک خاتون بکاری وارن نے اپنی گاڑی سیدھی چلانے کے بجائے اچانک ایک کنکریٹ سے بنے کھمبے سے ٹکرادی۔ گاڑی میں ماں کے ساتھ 5 اور 7 سالہ دو بچے بھی موجود تھے جو خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔پولیس فوٹیج دیکھ کر فورا پہنچی اور خاتون سے باز پرس کی تو جواب میں خاتون نے بتایا کہ کار کی ٹکر دانستہ طور پر تھی اور اس نے کھمبے کو ایک خاص ارادے کے تحت ٹکر ماری جس کا مقصد بچوں کو یقین دلانا تھا کہ خدا حقیقت میں موجود ہے اور اگر ہم اس پر یقین رکھیں تو وہ ہماری حفاظت کرتا ہے۔اس موقع پر بچوں کے بیانات سے بھی خاتون کے بیان کی تصدیق ہوگئی۔ خاتون نے گاڑی ٹکرانے سے قبل بچوں کو ہدایت دے کر سیٹ بیلٹس بندھوائیں اور اس کے بعد بچوں کو بتاتے ہوئے پول کو ٹکر دے ماری تھی۔خاتون کے اس بیان پر پولیس نے انہیں جائے حادثہ سے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا اور بچوں کو ان کے دادا دادی کے حوالے کردیا۔ خاتون پر بچوں کی حفاظت نہ کرنے کی فرد جرم عائد کی جائے گی جب کہ ان کی ضمانت کے عوض 22 ہزار ڈالر کی رقم متعین کی گئی ہے۔

مزیدخبریں