گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)محکمہ اینٹی کرپشن نے ساڑھے 11کروڑ روپے مالیتی زمینوں اور تین کروڑ روپے مالیتی کوٹھی کی جعلی دستاویزات تیار کرکے قبضے کرنے کے الزام میں محکمہ مال کے پٹواری سمیت 5 ملزمان کو گرفتار ۔ تفصیلات کے مطابق قبضہ گروپ نے نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں نجمہ سلطانہ کی 3کروڑ روپے مالیتی کوٹھی کی جعلی دستاویزات تیار کرکے قبضہ کرلیا۔ اینٹی کرپشن حکام نے اس کیس میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ اکائونٹ آفیسر وحید، قبضہ گروپ کے دو ارکان ذوالفقار اور ظہیر شاہ کو گرفتار کرکے سنٹرل جیل بھجوادیا ملزم ریاض اشتہاری ہوگیا جسے گزشتہ روز سرکل آفیسر اینٹی کرپشن عامر حسین سندھو نے چھاپہ مار کارروائی کرکے گرفتار کرلیا۔ اس فراڈ دہی کیس میں گرفتار ملزمان کی تعداد 4ہوگئی ہے۔ دوسری کارروائی منڈی بہائوالدین کے علاقہ میانہ گوندل میں کی گئی جہاں ایک شہری محمد نزیر کی ملکیتی ساڑھے پانچ کروڑ روپے مالیتی 14کنال 18مرلے اراضی کی قبضہ گروپ کے ارکان نے محکمہ مال کے اہلکاروں کی ملی بھگت سے جعلی دستاویزات تیار کرلیں اور زمین پر قبضہ کرلیا۔اینٹی کرپشن کی تحقیقات میں قبضہ گروپ سے تعلق رکھنے والے ملزمان بشیر احمد، محمد حفیظ اور ممتاز احمد سمیت محکمہ مال کے اہلکاران قصوروار پائے گئے۔ تیسری کارروائی گوجرانوالہ کے علاقہ میاں سانسی میں کی گئی جہاں ایک شہری شہزاد احمد 6کروڑ روپے مالیتی زمین کی محکمہ مال کے پٹواری محمد شفیق نے بوگس فرد جاری کردی جس کی بنیاد پر قبضہ گروپ نے خودساختہ معاہدہ تیار کرکے پراپرٹی کے کاغذات تیار کروالئے۔ ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے دونوں کیسوں کی تحقیقات میں سرکاری اہلکاروں اور قبضہ گروپ کے ارکان کو قصوروار قرار دے دیا جس پر محکمہ مال کے پٹواری محمد شفیق اور ملزمان بشیر احمد، محمد حفیظ اور ممتاز احمد کو سرکل آفیسر شاہد محمود گھمن نے گرفتار کرلیا گیا ہے۔