اسلام آباد(صباح نیوز) قزاقستان، لبنان ، زمبیا ، ایکوٹوریا جینیو اورمنگولیا کے نا مزد سفراء کرام نے صدر ممنون حسین کو ایوان صدر میں منعقدہ ایک باوقار تقریب کے دوران اپنی سفارتی اسناد پیش کردیں۔بعد میں ان سفیروں نے صدر مملکت سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہو ئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لئے تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ صدرممنون حسین نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور ملک سرمایہ کاری اور کاروبار کے عظیم مواقع پیش کرتا ہے۔ انہوں نے غیر ملکی سفارت کاروں کو تجارتی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے اور پاکستان میں مختلف شعبوں میں پیش کیے جانے وا لے سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے کردار ادا کرنے کے لئے زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے اور دہشت گردی کے خلاف کارروائی آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔صدر ممنون حسین نے پاکستان کے لیے سفیر وں کو مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے ممالک کے موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لئے کام کریں گے۔ اس سے قبل ایوان صدر پہنچنے پر پاکستان اور متعلقہ ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور سفارت کاروں کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے: صدرممنون
Mar 28, 2018