صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی کے دورہ آذربائیجان کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے آٹھ سمجھوتوں پر دستخط کیے گئے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی، جب باکو میں ایوان صدر پہنچے تو آذربائیجان کے صدر الہام علی ایف نے انہیں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔بعد ازاں صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی اور صدر الہام علی ایف نے بالمشافہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور اہم علاقائی و عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر ایران اور آذربائیجان کے درمیان تعاون کے آٹھ سمجھوتوں پر دستخط کیے گئے جن میں کیسپیئن سی میں تیل و گیس کی تلاش اور رشت آستارا ریلوے لائن کا منصوبہ اور دوسرے اقتصادی اور تجارتی سمھجوتے شامل ہیں۔صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی باکو میں اپنے قیام کے دوران ایران اور آذربائیجان کی مشترکہ اقتصادی کانفرنس سے خطاب کے علاوہ متعدد مشترکہ منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے۔