نئی دہلی(نیٹ نیوز) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ بھارت نے میزائل ٹیسٹ کے دوران نچلی مدار کے سٹیلائٹ کو تباہ کر دیا ہے جس کے بعد وہ عالمی سطح پر اس صلاحیت کا حامل چوتھا ملک بن گیا ہے۔ انتخابات سے چند ہفتوں قبل ہی نریندر مودی کا کہنا تھا کہ بھارتی سائنسدانوں نے نچلی مدار کے سیٹلائٹ کو مار گرایا ہے۔ ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والے اپنے پہلے خطاب میں بھارتی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ بھارت کے لئے فخر کا لمحہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنا نام خلائی سپر پاورز کی فہرست میں شامل کر لیا ہے اور اب تک یہ کام بھارت کے علاوہ صرف3ممالک کر سکے ہیں۔ سیٹلائٹ مدار میں 300کلو میٹر پر تھا جب اسے تباہ کیا گیا ۔ نریندر مودی نے دعویٰ کیا کہ یہ مشن انتہائی پر امن تھا اور اس کا مقصد جنگ کی فضاء پیدا کرنا نہیں تھا۔