لاہور(وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے ریٹائرڈ سیکرٹری آر ٹی اے کو بقایاجات ادا نہ کرنے کے خلاف دائرکیس کی سماعت کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب اور چیف سیکرٹری پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ وزیراعلی کو بتادیں کہ آئندہ عدالتی حکم عدولی برداشت نہیں کرینگے۔ پورے صوبہ کے سسٹم کا بیڑہ غرق کردیا گیا ہے۔ جسٹس قاسم خان نے درخواست پر سماعت کی تو عدالت کو بتایا گیا کہ چیف سیکرٹری پنجاب نے عدالتی حکم پر عمل نہیں کیا۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ عدالتی حکم کے باوجود سابق سیکرٹری آر ٹی اے کو بقایاجات کیوں ادا نہیں کیے گئے ۔ یہ نہ ہو کہ وزیراعلی پنجاب کو ہر روز ہائیکورٹ کے چکر لگانے پڑیں ۔عدالتی احکامات پر عمل نہ ہوا تو اب وزیراعلی ذمہ داروں ہوں گے۔ پورے صوبہ میں سسٹم کا بیڑا غرق کردیا گیا۔ جسٹس قاسم خان نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ کیا وزیراعلی کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی ہوسکتی ہے؟ جسٹس قاسم خان نے کہاکہ چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے بھی انتہا کردی ہے کیوں نہ چیف سیکرٹری کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا جائے۔عدالت نے 15اپریل کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
وزیراعلی پنجاب کو بتا دیں حکم عدولی برداشت نہیں کرینگے: ہائیکورٹ
Mar 28, 2019