نوازشریف نے سیاسی سرگرمیاں ترک کر دیں، آج طبی معائنہ ہوگا

Mar 28, 2019

اسلام آباد، لاہور (نیٹ نیوز+ ایجنسیاں) سابق وزیراعظم نوازشریف کا آج شریف میڈیکل سٹی میں طبی معائنہ کیا جائے گا۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے بتایا کہ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نواز شریف کا معائنہ کرے گی جس کے بعد ان کے مزید ٹیسٹوں کا فیصلہ ہوگا۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کبھی علاج سے انکار نہیں کیا اور نہ ہی لندن جانے کا کہا۔ کل ثابت ہوا کہ نوازشریف کا علاج شروع نہیں ہوا تھا۔ انہوں نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ علیمہ باجی کے اکائونٹس میں اربوں کھربوں ہیں۔ ان کے بیرون ملک فلیٹس ہیں۔ علیمہ باجی کے فلیٹس کے بے نامی دار عمران خان ہیں۔ نواز شریف نے رہائی کے بعد گھر میں داخل ہوتے ہی سب سے پہلے اپنی والدہ سے دعائیں لیں جس کے بعد انہوں نے اپنی مرحوم اہلیہ بیگم کلثوم نواز سمیت خاندان کے دیگر مرحوم افراد کے قبروں پر فاتحہ خوانی کی۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف نے تمام سیاسی مصروفیات ترک کر دی ہیں خاندانی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے تمام پارٹی رہنماؤں کو رائیونڈ آنے سے روک دیا نواز شریف کے علاج میں کسی قسم کی تاخیر کی جائے گی نواز شریف کے لندن میں معلج سے اسکائپ پر رابطہ بھی ممکن ہے۔ دوسری جانب طبی بنیادوں پر رہا ہونے کے بعد نواز شریف کو سابق وزیراعظم پروٹوکول فراہم کر دیا گیا جس کے تحت نواز شریف کی نقل و حرکت کے دوران ان کی سکیورٹی کے لئے ایک گاڑی اور پانچ پولیس اہلکاروں کی خدمات فراہم کر دی گئی ہیں۔ جاتی امراء پر 30 پولیس اہلکاروں پر مبنی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔

مزیدخبریں