اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس میں سول اور عسکری قیادت نے شرکت کی۔ اعلی سطح کے اس اجلاس میں مختلف اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پرائم منسٹر آفس میں سکیورٹی سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم ہائوس میں ہونے والے اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے شرکت کی۔ وفاقی وزرا اسد عمر، شفقت محمود، شہریار آفریدی ، فروغ نسیم سمیت دیگر بھی شریک ہوئے۔ ترجمان وزیراعظم نے بتایا کہ اجلاس میں سیکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی اشتعال انگیزی کے بعد کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی سفارشات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیر اعظم کو کالعدم تنظیموں کے خلاف جاری کریک ڈاون پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں پیشرفت پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعظم کے بیان پر افغان حکام کے حالیہ رد عمل پر بھی غور کیا گیا۔ سیکرٹری خارجہ نے افغان امن عمل کے حوالے سے بریفنگ اجلاس کو بریف کیا۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے کیونکہ افغانستان کے امن سے پورے خطے کا امن جڑا ہوا ہے، پاکستان افغان امن عمل میں اپنا مخلصانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی وزیراعظم کے مشیر برائے سکیورٹی کرسٹین ٹرنر نے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں ہونیوالی ملاقات میں دوطرفہ سکیورٹی تعاون اور خطے کی مجموعی سلامتی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معزز مہمان نے علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔