لاہور(نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا ڈومیسٹک کرکٹ میں تبدیلی کے حوالے سے پلان مسترد کر دیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے پی سی بی کوآسٹریلین کرکٹ کی طرزپرڈومیسٹک کر کٹ سسٹم تشکیل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایسا نظام لائیں جس میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں کم سے کم ٹیمیں ہوں۔ وزیراعظم کی سفارشات کی روشنی میں پی سی بی نیا پلان بنائے گا۔ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے پی سی بی کے اعلی عہدیداروں نے ملاقات کی۔ مجوزہ ڈومیسٹک سٹرکچر میں ادارہ جاتی کرکٹ کے کردار پر 2تجاویز بھی دی گئیں۔ ملاقات میں اداروں اور ریجنز کے تحفظات سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ کے مجوزہ سٹرکچر پر کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔ وزیراعظم نے ریجنز اور ڈیپارٹمنٹس کو اکٹھے کرنے کا پلان مستردکردیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ادارہ جاتی کرکٹ ختم ہونے سے 2ہزار کرکٹرز بے روزگار ہوجائیں گے، اداروں کا کردار ختم ہونے سے 10ہزار لیول ٹو کرکٹرز کا روزگار خطرے میں ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے 40 سال کرکٹ کھیلی ہے، مجھے کرکٹ پر بریفنگ نہ دیں، کرکٹ ٹھیک کرنی ہے تو مصلحتوں سے باہر آئیں۔ کسی سسٹم نے بھی پاکستان کرکٹ کو بہتر نہیں کیا، کھلاڑی صرف غیر معمولی ٹیلنٹ پر آگے آتے ہیں، سسٹم ان کی سپورٹ نہیں کرتا، پنجاب سے دو ٹیمیں بنا کر باقی صوبوں سے ایک ایک ٹیم بنائی جائے، جو سسٹم میں بتا رہا ہوں اس سے پاکستان کا مقابلہ دنیا کی کوئی ٹیم نہیں کر سکتی۔