اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی مظالم کی مثال نہیں ملتی، بھارت کو پلوامہ واقعہ پر عالمی تنہائی کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان میں مدارس میں پڑھایا گیا نصاب امریکا سے بن کر آیا تھا۔ انہوں نے بدھ کو میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے میڈیا میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ رہا ہے جبکہ میڈیا ٹیکنالوجی میں ہائبرڈ وار فیئر کا دور ہے اور وار پراپیگنڈا بنیادی اہمیت اختیار کرچکا ہے جس میں جنگیں بھی میڈیاکے ذریعے لڑی جاتی ہیں اور اپنے نظریات دوسری قوموں پر مسلط کرنے کارجحان ہے، ہائبرڈ وار پروپیگنڈا کا نام ہے اور پروپیگنڈا جنگ کے ٹول کے طور پر استعمال ہو رہا ہے۔ پی ٹی آئی پہلی جماعت ہے جس نے اپنا پیغام پہنچانے کیلئے سوشل میڈیا کو استعمال کیا۔