اسلام آباد+ حویلی (خبر نگار خصوصی +صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ + این این آئی)آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے کنٹرول لائن حویلی سیکٹر کا دورہ کیا ہے۔اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کنٹرول لائن کے اس پار موجود مائوں، بہنوں، بیٹیوں، بھائیوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم ایک ہوں گے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر کا مزید کہنا ہے کہ بھارت جمہوریت کا علمبردار بنتا ہے لیکن مقبوضہ کشمیر کی اسمبلی توڑ کر الیکشن نہیں کرا سکا۔راجہ فاروق حیدر نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے، بلکہ وہ اپنا حق خود ارادیت مانگتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے عوام حق خود ارادیت کی جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ ہیں، کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔ آزاد کشمیر حکومت نے خطے میں موجود معدنیات سے زیادہ سے زیادہ آمدن حاصل کرنے کے لئے منرل پالیسی کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے۔ آزاد کشمیر حکومت نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے متاثرہ افراد کی داد رسی اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے بھر پور رابطہ مہم شروع کی ہے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے اپنی کابینہ کے ہمراہ لائن آف کنٹرول کو مختلف سیکٹرز کے دورے شروع کر رکھے ہیں۔ وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سماہنی سیکٹر گئے جہاں انہوں نے متاثرین سے خطاب کیا اور ان کی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔