سمندر میں ڈرلنگ جاری‘ پاکستان میں تیل کا بڑا ذخیرہ دریافت ہونے کا امکان

بیجنگ (اے پی پی) چین کے ممتاز جریدے گلوبل ٹائمز نے کہا ہے کہ پاکستان میں تیل کا بڑا ذخیرہ جلد دریافت ہونے کا امکان ہے اور یہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے جنوبی ایشیا اور خلیجی ممالک کیلئے بھی اچھی خبر ہوگی۔ جریدے میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق سمندر میں تیل کا بڑا ذخیرہ دریافت ہونے کے واضح امکانات ہیں اور اگر اس سلسلے میں اندازے درست ثابت ہوئے تو یہ دریافت پاکستان کو اقتصادی مسائل سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ امریکی کمپنی ایگزم موبل اور اٹلی کی کمپنی ای این آئی سمیت جوائنٹ ونچر جنوری سے سمندر میں ڈرلنگ کررہا ہے، اگر تیل کا یہ بڑا ذخیرہ دریافت ہوتا ہے تو اس سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھ سکتی ہے، کئی بین الاقوامی کمپنیاں تیل اور گیس کی تلاش، تیل صاف کرنے اور تیل کی ترسیل جیسے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں اور اس سرمایہ کاری سے پاکستان کو اپنی ترقی کا مقصد حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ چین پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبہ میں بھرپور تعاون کررہا ہے اور تیل کا ذخیرہ دریافت ہونے سے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے چینی کمپنیوں کی دلچسپی مزید بڑھے گی۔ پاکستان میں اتنے بڑے پیمانے پر تیل دریافت کے بعد ہمسایہ ممالک کے لئے بھی پاکستان پائپ لائن نیٹ ورک بڑھانے میں مدد ملے گی اور پاکستان سعودی عرب جیسے خلیجی ممالک کے ساتھ توانائی کے شعبہ میں تعاون کو فروغ دے گا۔

ای پیپر دی نیشن