صنعاء (این این آئی)یمن کی الضالع گورنری میں مختلف مقامات میں آئینی حکومت کی وفادار فوج اور حوثی باغیوں کے درمیان جاری لڑائی کے نتیجے میں78 جنگجو ہلاک اور 50سے زائد زخمی ہو گئے جب کہ ان کی متعدد گاڑیوں کو بھی تباہ کردیا گیا۔عرب ٹی وی کے مطابق سرکاری فوج نے الضالع گورنری کے شمالی علاقے مریس سے باغیوں کو باہر نکال کر اس کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے، اس کے علاوہ القصبہ پہاڑی علاقے، عدنی الشامی، اوربعض دوسرے مقامات سے بھی باغیوں کو پسپا کردیا گیا ہے،اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز حملوں میں الضالع میں 32 حوثی ہلاک اور22 زخمی ہوئے ،شمالی الضالع کی دمت ڈائریکٹوریٹ میں داخلے کی کوشش کے دوران جوابی کارروائی میں 26 حوثی جنگجو ہلاک ہو گئے۔دریں اثنایمن کی سرکاری فوج نے بتایا ہے کہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کو کاتیوشا میزائلوں کی کھیپ پہنچانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اسلحہ، گولہ بارود اور میزائلوں سے لدا ایک ٹرک پکڑ لیا ہے۔سرکاری فوج کا کہنا تھا کہ ٹرک کو قبضے میں لینے کے بعد اس کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔