1992کے بعدپہلی مرتبہ کرونا نے33لاکھ امریکی بے روزگار کر دئیے

واشنگٹن (این این آئی)کرونا وائرس کے پھیلا نے لوگوں سے ان کا روزگار چھیننا شروع کر دیا ہے۔ 1982 کے بعد امریکہ میں پہلی بار بے روزگاروں کی تعداد 33 لاکھ کے لگ بھگ ہو گئی ہے۔ اس کی وجہ کرونا وائرس کے باعث کاروباروں کی بندش ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق رواںہفتے امریکہ میں بے روزگاری الانس کے لیے 32 لاکھ 28 ہزار 300 لوگوں نے لیبر ڈپارٹمنٹ میں اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔ بے روزگار ہونے والے درخواست گذار افراد کی تعداد ماضی کے مقابلے میں پانچ گنا بڑھ چکی ہے جب کہ اس میں تیزی سے اضافہ متوقع ہے۔کرونا وائرس جس تیزی سے پھیل رہا ہے، اسے دیکھتے ہوئے ماہرین کا خیال ہے کہ اس تعداد میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا۔ کیونکہ امریکہ بھر میں ریستوران، ہوٹل، سینما گھر اور ایئر لایئنز بند ہیں اور ان شعبوں میں کام کرنے والے لاکھوں کارکن اپنے گھروں میں بیٹھے ہیں۔ کئی کمپنیوں نے اپنے جزوقتی ملازموں کو نکال دیا ہے اور بہت سے کل وقتی ملازمین بھی چھانٹی کی زد میں آ گئے ہیں۔بعض ماہرین اقتصادیات کا خیال ہے کہ بے روزگاری کی شرح 13 فی صد سے اوپر جا سکتی ہے، جو 2009 کی کساد بازاری کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہو گی۔ اس دور میں یہ سطح 10 فی صد تھی۔فروری کے دوران امریکہ میں بے روزگاری کی شرح صرف ساڑھے تین فی صد تھی جو گزشتہ 50 برس کے دوران بے روزگاری کی کم ترین سطح تھی اور معیشت مسلسل ترقی کر رہی تھی۔

ای پیپر دی نیشن