اسلام آباد(نیوز رپورٹر)وزارت داخلہ کی جانب سے کر ونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر آئی این جی اوز (INGOs) کو حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کی پیشکش اور اسکے تحت نئے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ وزارت کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان احکامات کے تحت آئی این جی اوز کو اپنے ایکشن پلان اور ٹارگٹ علاقہ جات کی نشان دہی کرنی ہو گی، ان تفصیلات پر مبنی چار سیٹ جمع کرانے لازم، ہنگامی صورتحال کے پیش نظر این او سی درکار نہیں ہوگا، تمام تنظیمیں این ڈی ایم اے یا پی ڈی ایم ایزکے ساتھ کام کریں گی،صرف وہ تنظیمیں جنہوں نے حکومت پاکستان کے ساتھ معاہدہ سائن کیا ہے ان کو اپنے پلان پر کام کرنے کی اجازت ہوگی، ان 70 تنظیموں کے نام جاری کر دئیے جائیں گے، پراجیکٹ کی تکمیل کی رپورٹ متعلقہ اداروں کی تصدیق کے ساتھ 15 دن کے اند جمع کرانا لازم ہو گی.حکومت نے مقرر کردہ احکامات کے مطابق 8 مقرر کردہ زمرے میں آنے والے پلان آف ایکشن کی اجازت ہو گی۔ کسی نئی کیٹگری کا اضافہ نہیں ہوگا۔ این او سی سے مستثٰنی ہونے کی اجازت صرف کرونا ریلیف ورک کے لئے صر ف 6 ماہ کی مدت کے لئے اور NDMA/PDMA کے ساتھ کرنے کے لئے دی گئی ہے، تمام تفصیلات کا اعلان وزارت داخلہ کی ویب سائٹ کے ذریعے کیا جائیگا-