اسلام آباد‘ کراچی (نوائے وقت رپورٹ‘ صباح نیوز) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے وسیع و عریض پھیلاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹورنٹو‘ لندن، مانچسٹر اور برمنگھم کے لئے پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز کی خصوصی پروازیں4 اپریل کے بعد دوبارہ شیڈول کی جائیں گی۔ یورپ، امریکہ اور کینیڈا کے لئے پروازیں 4 اپریل کے بعد صرف پی آئی اے کے ذریعے چلائی جائیں گی۔ دریں اثناء کرونا وائرس کے باعث پی آئی اے فلائٹ آپریشن بند ہونے پر پی آئی اے افسران نے تنخواہوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ سی ای او ارشد ملک نے رضاکارانہ طور پر تنخواہ میں 20 فیصد کمی کا اعلان کر دیا۔ ترجمان کے مطابق ڈیپارٹمنٹ چیف آفیسرز نے اپنی تنخواہ میں 20 فیصد جنرل مینجرز نے 15 ‘ ڈپٹی جنرل مینجرز نے 10 ‘ مینجرز نے آٹھ فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔ افسران کے فیصلے سے ائرلائن پر مالی بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔