سندھ کے مختلف شہروں‘ قصبوں میں لاک ڈائون رہا

حیدرآباد،میرپورخاص،سکھرٹنڈوآدم ،مورو(نامہ نگاران ) حکومت سندھ کیجانب سے لگائے گئے لاک ڈاؤن کے مختلف شہروں اور قصبوں میںلاک ڈاوٗن رہااور کاروبار زندگی مکمل طور پر بند رہا۔حیدرآباد سمیت تمام مضافاتی شہروں اور قصبوں میں جمعہ کے روز مسلسل پانچویں دن بھی لاک ڈائون کے باعث کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند رہی تمام راستے اور سڑکیں ویران رہیں ۔تاہم اشیائے خوردونوش کی دکانیں پٹرول پمپ، ڈیری اور میڈیکل اسٹور کھلے رہے ۔ جنہیں رات آٹھ بجے بند کرادیا گیا۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری شہر کے مختلف چوراہوں سمیت داخلی اور خارجی راستوں پر تعینات رہی جبکہ فورسز کا گشت بھی جاری رہا،۔ گدو چوک، پونم چوک، علمدار چوک، نسیم نگر چوک، گل سینٹر، گول بلڈنگ، لطیف آباد یونٹ نمبر 7،8، سمیت دیگر سڑکوں کو خاردار تار بچھا کر بند کر دیا گیا۔ شہر، قاسم آباد اور لطیف آباد میں جو دکانیں کھل رہی ہیں وہاں شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے۔ شہریوں نے شکایت کی کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں 50 سے 60 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں بے روزگاری کا شکار لاکھوں افراد دو وقت کی روٹی کے لئے بھی پریشان ہو گئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ لاک ڈائون سے پہلے 45 سے 50 روپے فی کلو دستیاب آٹا 60 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔اسی طرح گھی، خوردنی تیل، چنے، مونگ۔ دالیں ، مرغی کا گوشت، ٹماٹر، آلو، پیاز، مٹر اور دیگر سبزیاں بھی من پسند دام پر فروخت کی جا رہی ہیں۔ حیدرآباد میں پٹرول پمپ مالکان نے بھی من مانی کر رکھی ہے۔ شہر کے بیشتر پٹرول پمپس پر پٹرول حکومت کی مقرر کردہ قیمت 96 روپے 58پیسے کے بجائے 99 روپے فی لٹر فروخت کیا جا رہا ہے۔ادھر ایل پی جی کی دکانیں بند ہونے کے باعث ہزاروں شہریوں کے گھروں کے چولہے بجھ گئے ہیں۔ ٹنڈوآدم میں بھی 5ویں روز بھی لاک ڈاون رہا. تمام کاروباری و تجارتی مراکز بند رہے سڑکوں پر سناٹا چھایا رہا گلی محلوں میں بھی یہی صورت حال رہی حکومت سندھ کی جانب سے ضلع سانگھڑ میں مقرر کئے گئے فوکل پرسن و صوبائی وزیر فراز ڈیرو، ssp سانگھڑ ذیشان شفیق صدیقی، ڈی ایس پی ٹنڈوآدم محمد ایوب بروہی ، اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوآدم اعجاز جتوئی ، ایس ایچ او سٹی تھانہ حاجی محمد اسلم بلو، رینجرز کے انسپکٹر نثار احمد، شفیق احمد سمیت دیگر شہر کا دورہ کیا اور اعلانات کے ذریعے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی. اس موقع پر صوبائی وزیر فراز ڈیرو اور ssp سانگھڑ ذیشان شفیق صدیقی نے کہا کہ شہر اور گردونواح میں دفعہ 144 پر سختی سے عمل جاری ہے۔ علمائکرام اور شہریوں کے تعاون پر انکا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ہمارا یہی پیغام ہیکہ شہری گھروں سے نہ نکلیں اور مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔

ای پیپر دی نیشن