لندن (نیٹ نیوز) برطانیہ میں بھی کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جہاں ہر10 میں سے ایک شخص کرونا کا شکار ہوچکا ہے جب کہ حالات کو دیکھتے ہوئے ملک بھر میں جان بوجھ کرکھانسنا بھی جرم قرار دے دیا گیا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق خود کو کرونا کا مریض ظاہر کرکے طبی عملے پرکھانسنے والے شخص کو 2 سال قید ہوگی۔ امپیریل کالج لندن کے پروفیسر نیل فرگوسن نے کہا ہے کہ سائنسدانوں کی تیار کردہ ایپ کے مطابق برطانیہ میں ہر 10 میں سے ایک شخص کرونا کا شکار ہوچکا ہے جب کہ کرونا سے دو تہائی اموات ایسے افراد کی ہوئی ہیں جو جان لیوا امراض میں مبتلا تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرونا کے سبب برطانیہ کو 6 ماہ تک لاک ڈاون کرنا پڑسکتا ہے، طویل لاک ڈاؤن سے ہی ملک میں وباء کی دوسری لہر کو آنے سے روکا جاسکے گا۔ پروفیسر نیل فرگوسن نے کہا کہ امکان ہے ایسٹر کے موقع پر برطانیہ میں کرونا بحران اپنے عروج پر ہوگا۔ واضح رہے کہ برطانیہ میں وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 11 ہزار سے زائد ہے جب کہ 500 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔