اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے پاکستان چینی ڈاکٹرز کے علم، تجربے اور مہارت سے بھرپور استفادہ کرے گا۔اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے طبی سہولیات، سامان اور ڈاکٹرز بھیجنے پر عظیم دوست چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ چین نے جس بہترین نظم و ضبط کے ساتھ اس وبا پر قابو پایا وہ دنیا کے لئے ایک مثال ہے۔ کورونا کے حوالے سے پاکستان چینی ڈاکٹرز کے علم، تجربے اور مہارت سے بھرپور استفادہ کرے گا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ نبھانا آہنی برادرز کی ایک شاندار روایت ہے۔ دونوں ممالک کے عوام کو اس مخلصانہ دوستی پر فخر ہے۔ پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے تعاون ہو یا مسئلہ کشمیر پر ہمارے اصولی موقف کی حمایت، چین ہمیشہ پاکستان اور اس کے عوام کی توقعات پر پورا اترا ہے۔