کراچی، لاہور (نوائے وقت رپورٹ، نیوز رپورٹر، سپورٹس رپورٹر‘ نامہ نگار) کرونا وائرس سے لڑنے والے میڈیکل سٹاف، نرسز اور ڈاکٹرز کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں عوام نے اپنے گھروں کی چھتوں پر سفید پرچم لہرائے اور اظہار یکجہتی کیا۔ کرکٹر وسیم اکرم نے کرونا وائرس سے لڑنے والے میڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کیا۔ وسیم اکرم نے گھر کی چھت پر سفید پرچم لہرایا۔ راولپنڈی، لاہور، اسلام آباد میں بارش کے باوجود گھروں میں سفید پرچم لہرائے گئے، بڑوں اور بچوں نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو خراج تحسین پیش کیا۔ کرونا وائرس کیخلاف مسیحائوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تھیلیسیمیا میں مبتلا مریض بچوں نے سفید پرچم لہرائے راجن پور میں ریسکیو اہلکاروں نے سفید پرچم کے ساتھ ڈسٹرکٹ ہسپتال تک ریلی نکالی اور ہسپتال پہنچ کر ڈاکٹرز، نرسز کو سلام پیش کیا۔ کراچی میں افسروں اور اہلکاروں نے شارع فیصل پر دو لیڈی ڈاکٹرز کو سلامی دی۔ ٹریفک اور رینجرز اہلکار بھی ساتھ تھے۔ کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں صف اول کے سپاہیوں کو سلام اور عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں’’ ڈاکٹرز آورز‘‘ منایا گیا ۔ پورے ملک کے شہریوں نے شام چھ بجے اپنے ہاتھوں میں سفید جھنڈے پکڑ کراپنے گھروں کی چھتوں ،بالکونیوں اور کھڑکیوں میں کھڑے ہوکر سلام ڈاکٹرز پیش کیا اور محبت کے ساتھ یک زبان ہو کر ’’ہمیں تم سے پیار ہے ‘‘ گانا گایا ۔ شہری ڈاکٹرز کو عقیدت ومحبت پیش کرتے رہے، سفید جھنڈے لہراتے رہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کرونا کے خلاف ڈاکٹرز کی خدمات ناقابل فراموش ہیں کیونکہ ڈاکٹرز وہ واحد شعبہ ہے جو کسی بھی چاہے جنگ ہو یا ایمرجنسی کی حالت اس میں اپنے فرائض منصبی ادا کرتے رہتے ہیں۔ پیرامیڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کھلاڑی بھی میدان میں آ گئے۔ کھلاڑیوں نے پیرا میڈیکل سٹاف سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جمعہ کے روز اپنے گھروں اور علاقوں میں سفید جھنڈے لہرائے۔ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز ٹیم کے کپتان سہیل اختر، سلمان بٹ، فاسٹ بائولر حارث رئوف اور اوپننگ بلے باز فخر زمان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ہمارے پیرامیڈیکل سٹاف جس میں ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر سٹاف جو کورونا وائرس کے متاثرین کے علاج معالجے کے لیے ڈیوٹیاں دیکر ایک جہاد کر رہے ہیں جس پر انہیں سلیوٹ پیش کیا جاتا ہے۔کرونا وائرس سے بچاو کیلئے جاری مہم میں ریسلر انعام بٹ نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کیا۔ انعام بٹ نے اپنے گھر سے جاری کئے گئے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہمارے ڈاکٹرز اس وقت کرونا وائرس کے خلاف جہاد میں مصروف ہیں۔ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف قوم کے لیے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر کام کر رہے ہیں۔ وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنیوالے ڈاکٹرز ہمارے ہیرو ہیں اور آج میں اپنے ان ہیروز کو سلام پیش کرتا ہوں۔لاہور پولیس نے کرونا کے خلاف مثالی کردار پر خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کو گلدستے پیش کئے اور انہیں سلیوٹ بھی کیا۔ تفصیلات کے مطابق کرونا کے خلاف مثالی کردار پر خراج تحسین پیش کرنے کے لئے سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کی ہدایت پر اے ایس پی رائے ونڈ رضا تنویر نے دیگر پولیس افسروں کے ساتھ مقامی ہسپتال جا کر ڈاکٹروں کو گلدستے پیش کئے۔ پولیس افسروں کی طرف سے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کو گارڈ آف آنر کے ذریعے سلیوٹ پیش کیا گیا۔
کرونا سے لڑنیوالے میڈیکل سٹاف کو ملک بھر میں خراج تحسین، گھروں پر سفید پرچم لہرائے گئے
Mar 28, 2020