کراچی ( نوائے وقت رپورٹ) قومی احتساب بیورو نے ایم ڈی پی ایس او کی غیر قانونی تقرری کیس میں شاہد خاقان عباسی کے خلاف نیا ریفرنس دائر کر دیا۔ احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم کے ناقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کر دیئے۔نیب کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے شیخ عمران الحق کو غیر قانونی طور پر ایم ڈی پی ایس او تعینات کیا، شاہد خاقان اور دیگر پر خزانے کو 13 کروڑ 80 لاکھ روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ احتساب عدالت کراچی نے شاہد خاقان عباسی اور سابق سیکرٹری پٹرولیم ارشد مرزا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔نیب ترجمان کے مطابق احتساب عدالت نے شیخ عمران الحق اور یعقوب ستار کو 10 اپریل کو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور شیخ عمران الحق نے ایل این جی کیس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت سے ضمانت لے رکھی ہے۔خیال رہے شاہد خاقان کے خلاف ایل این جی ریفرنس اسلام آباد کی احتساب عدالت میں زیر سماعت ہے۔ادھررمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی جبکہ شہبازشریف بھی عدالت کے رو برو پیش نہ ہوئے۔ جمعہ کو احتساب عدالت نمبر پانچ کے جج امجد نذیر چوہدری نے رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت کی،جہاں رمضان شوگر ملز ریفرنس میں حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی،عدالت نے کورونا وائرس کے باعث حمزہ شہباز کو آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کے لئے دوبارہ طلب کرلیا ہے،بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت دس اپریل تک ملتوی کردی۔اسی عدالت میں احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی،جہاں سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد اور بلال قدوائی نے پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی جبکہ شہباز شریف کی جانب سے ان کے نمائندے چوہدری نواز ایڈووکیٹ نے بھی حاضری لگوائی۔بعد ازاں کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر ملزمان احد چیمہ اور شاہد شفیق کو آٹھ روزہ جوڈیشل ریمانڈ کے بعد عدالت میں پیش نہ کیا گیا،اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے بلال قدوائی کی بریت کی درخواست پر جواب جمع کروانے کے لئے مہلت طلب کی،جس پر عدالت نے کیس کی سماعت دس اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے بلال قدوائی کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کرلیا۔