اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں جمعہ کو تمام دن بارش ہوتی رہی جس سے جاتی سردی رک گئی، موسم بھی خنک ہو گیا، لوگوں نے گرم کپڑے پھر سے نکال لئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں اورملککے مختلف علاقوں میں جمعرات کو شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ جمعہ کو تمام دن جاری رہا ۔جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جس سے موسم تبدیل ہوگیا۔ زرعی ماہرین کے مطابق ان دنوں ہونے والی بارشیں فصلوں کیلئے نقصان دہ ہیں بالخصوص گندم کی فصل جس میں خوشے آچکے ہیں اور اس فصل کو اس وقت تیز دھوپ کی ضرورت ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی خیبر پختونخواہ، اسلام آباد، پنجاب ، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے