کراچی ( نیوز رپورٹر ) امیر جماعت غرباء اہلحدیث مولانا عبدالرحمن سلفی نے ملکی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدامات اور احکامات کی پابندی کرنا ہر شہری کا اخلاقی فریضہ ہے۔ جہاں کرونا وائرس سے 150 سے زائد ممالک میں ہزاروں اموات ہو چکی ہیں وہاں مغربی ممالک کی نیشنل اسمبلیوں میں قرآن مجید اور سورۃ فاتحہ کا باترجمہ پڑھنا محمدی ﷺ انقلاب کی عکاسی کرتا ہے۔ مولانا سلفی نے کہا کہ بھارت (انڈیا) کے شہریوں میں حضرت بلال کا ورد ’’اللہ ایک ہے، اللہ ایک ہے‘‘ بآواز بلند پڑھنا بہت بڑے انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت غرباء اہل حدیث کراچی کی 500 سے زائد مساجد کے جید علمائے کرام کا یہ متفقہ فیصلہ ہے کہ گھروں کی چھتوں پر اذان کا اہتمام کرنا اور مساجد میں اذان دینا قرآن و حدیث سے ثابت نہیں ہے۔ مولانا سلفی نے حکومت سندھ کے وزیر اعلیٰ، گورنر سندھ اور صوبائی وزراء سے درخواست کی ہے کہ اخباری بیانات اور پلاننگ سے لاکھوں دیہاڑی لگانے والے مزدوروں، بیوائوں اور یتامیٰ کا پیٹ نہیں بھرے گا۔ وقت کا زیاں کئے بغیر انہیں فی الفور کم از کم 7000 روپے نقد اور مکمل راشن پیکیج دینا حکومت وقت کی اہم ترین ذمہ داری ہے۔مولانا سلفی نے کہا کہ مرکز سے جاری اعلان پر ہمارے بھائیوں اور بہنوں نے جو عطیات دیئے ہیں میں ان کے اس مستحسن اقدام کا مشکور ہوں۔مولانا عبدالرحمن سلفی اور پروفیسر محمد سلفی نے اپنے مشترکہ اعلامیہ میں مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ جماعت کے قائم کردہ ’’ریلیف فنڈ‘‘ میں بھرپور حصہ لیں تاکہ بے شمار مستحقین کو بروقت راشن پیکیج دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مال خرچ کرنے سے کم نہیں ہوتا بلکہ اس میں اضافہ ہوتا رہتا ہے اور صدقہ ایسا عمل ہے جس سے انسان تمام بلائوں سے نجات حاصل کر لیتا ہے۔
حکومتی احکامات کی پابندی ہرشہری پرلازم ہے:مولانا عبدالرحمن سلفی
Mar 28, 2020