راجکماری بینظیر بننے نکلی تھی‘ زرداری نے بیگم صفدر بنا دیا: فردوس عاشق 

Mar 28, 2021

لاہور (نوائے وقت رپورٹ)معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب حکومت بے سہارا اور نادار خواتین کو معاشرے میں وقار اور عزت کے ساتھ جینے کے قابل بنانے کیلئے ہر ممکن معاونت فراہم کر رہی ہے۔ پنجاب کے ہر ضلع میں دارالاامان قائم کئے گئے ہیں جو خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے کام کر رہے ہیں۔ ان خیالات کااظہار معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے یہاں دارالامان کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ معاون خصوصی نے کہاکہ بدقسمتی سے دارالاامان میں مقیم خواتین کی اکثریت گھر والوں اور خاوند کے گھریلوتشدد کا شکارہوکر یہاں پہنچی ہیں سماجی ناہمواریوں اور غلط رویو ں نے انہیں یہاں پہنچنے پر مجبور کیاہے۔ معاشرے میں عدم برداشت بڑھ گیاہے ۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کے دوران ملک کے سیاسی حالات حاضرہ پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ جعلی راجکماری نے اپنی توپوں کا رخ وزیراعظم عمران خان کی طرف موڑ رکھا ہے۔چینی پر اڑھائی ارب روپے کی سبسڈی کا الزام لگانے والے بھول گئے کہ اپنے دور حکومت میں 27 ارب روپے کی سبسڈی اپنے بھتیجوں،بھانجوں، بیٹوں اور یاروں دوستوں میں بانٹ دی تھی۔ یہ ہماری حکومت کا اعزاز ہے کہ ہم نے اڑھائی ارب روپے کی سبسڈی دینے کے معاملے کی غیر جانبدارانہ انکوائری کروائی اور ذمہ داروں کوکٹہرے میں لا کھڑا کیا۔ معاون خصوصی نے کہاکہ ن لیگ کو زخم زرداری نے دیاہے مگر جعلی راجکماری اپنی کنیزوں کی سنگت میں عمران خان پر برس رہی ہے۔ جعلی راجکماری بے نظیر بننے نکلی تھی مگر آصف زرداری نے بیگم صفدر بناکر واپس بھیج دیا۔ معاون خصوصی نے کہاکہ مریم نواز کو سیاست نہیں آتی وہ صرف اداکاری کرسکتی ہیں لیکن کرونا کی وجہ سے ان کو یہ موقع میسر نہیں ہوا۔

مزیدخبریں