لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان مسائلستان بن گیا ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے عوامی فلاح کے کسی ایک منصوبہ پر عملی کام کا آغاز نہیں کروایا۔ حکمران کاغذی وعدوں پر کب تک کام چلائیں گے۔ ریاست مدینہ اور تبدیلی کے نام پر عوام سے بڑا فراڈ ہوا۔ وزیراعظم کو آئی ایم ایف سے پانچ سو ملین اور ورلڈ بنک سے سوا ارب ڈالر کا نیا قرضہ مبارک ہو۔ کاسہ اٹھانے پر خودکشی کو ترجیح دینے کا دعویٰ کرنے والوں کو کچھ احساس تو ہوتا ہو گا۔ حکومت، معیشت اور خارجہ پالیسی کے محاذوں پر مکمل طور پر بے سمت ہے۔ قوم کشمیر سے متعلق سوال کر رہی ہے مگر حکمران نئی دلی سے تعلقات بحالی کی باتیں کرتے پھرتے ہیں۔ حکومت جان لے کشمیر کا سودا کرنے والوں کا کڑا احتساب ہوگا۔ عوام سے اپیل ہے وہ حق و صداقت کا پرچار کرنے والوں کے ساتھ جْڑے۔ جماعت اسلامی دین حق کے رہنما اصولوں کو لوگوں تک پہنچا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت کا کہنا تھا کہ ہمارے حکمرانوں نے اللہ کی بجائے امریکہ اور مغرب کی بندگی کو ترجیح دی ہو ئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اس طبقہ کی آخری سرخیل ثابت ہوئی جس نے پاکستان کے باسیوں کو غربت، بے روزگاری اور ناخواندگی کے تحائف دئیے۔ نوجوانوں کو لاکھوں نوکریاں دینے، غریبوں کے لیے گھر تعمیر کرنے، غیر ملکی قرض نہ لے کر ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے والے مکمل جھوٹے ثابت ہوئے۔ ’’احتساب سب کا‘‘ کے نعرے لگانے والوں نے اپنے اردگرد بیٹھے مافیاز کو کھلی چھٹی دے رہی ہے۔ پاکستان میں احتساب کا نعرہ مذاق بن گیا ہے۔ مہنگائی اور غربت نے عوام کو بے حال کر دیا ہے۔ انھوں نے جماعت اسلامی کے پاس ہر شعبہ کے قابل ترین افراد موجود ہیں۔ ہم لوگوں کو اللہ اور اس کے رسول کی طرف بلاتے ہیں۔ جماعت اسلامی کا کامل یقین ہے کہ پاکستان کی تقدیر بدلے گی اور ملک امت مسلمہ کی قیادت کرے گا۔