ماپوتو (انٹر نیشنل ڈیسک) افریقی ملک موزمبیق میں داعش کے دہشتگردوں نے ایک ہوٹل پر حملہ کر کے غیر ملکیوں سمیت 180افراد کو یرغمال بنا لیا۔ شمالی موزمبیق میں ایل این جی کے پلانٹ کے علاقے پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا۔ جس پر سکیورٹی فورسز غیرملکی ملازمین کو قریبی ہوٹل میں پناہ لینے کے لیے لے گئے۔ غیرملکی ملازمین کے تعاقب میں ہوٹل پر حملہ کر کے 180 افراد کو یرغمال بنا لیا۔ تاحال جنگجوؤں کے مطالبات سامنے نہیں آ سکے ہیں۔ پورے علاقے میں جا بجا تباہی کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔ جب کہ متعدد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ اس علاقے میں فرانس کی آئل کمپنی ٹوٹل نے دیگر 6 عالمی کمپنیوں کے ساتھ مل کر ایک پروجیکٹ میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جو کسی افریقی ملک میں کی گئی سب سے بڑی انویسٹمنٹ ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ ہوٹل میں داعش جنگجوؤں کی جانب سے یرغمال بنائے گئے غیر ملکی ملازمین کا تعلق کس ملک سے ہے اور وہ کس کمپنی کے ملازم ہیں۔