راولپنڈی(جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ پاکستان اور اٹلی کے عوام دوستی اور بھائی چارے کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں ۔ مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے عوام کے باہم تعاون سے یہ رشتے مزید مضبوط ہو رہے ہیں ۔انہوں نے یہ بات پاکستان میں اٹلی کے سفیر اینڈرس فیرارسے کے ساتھ گفتگوکرتے ہوئے کہی ۔ اٹالین سفیر گذشتہ روز صوبائی وزیر کی رہائش گاہ سیٹلائٹ ٹائون پر آئے اور سماجی شعبے میں باہمی تعاون کے معاملات پر بات چیت کی ۔ اس موقع پر اٹلی کے سفیر کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے کئی شہروں میںگئے ہیں اور انکو گھر جیسا ماحول ملا۔ وہ پاکستان میں اپنے آپ کو اجنبی محسوس نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی اور پاکستان کو ترقی یافتہ اقوام کی صف میں دیکھنے کے متمنی ہیں۔