لاہور(یواین پی)سابق فاسٹ باؤلر عاقب جاوید نے کہا کہ عماد وسیم کو پسند و نا پسند کی بھینٹ چڑھا دیا گیا ہے۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ عماد وسیم گزشتہ 7، 8سال سے کرکٹ کھیل رہا ہے، وائٹ بال کرکٹ میں اس کا شمار ٹاپ تھری فور باؤلرز میں ہوتا ہے اور اس میں بہت ٹیلنٹ ہے، میرے خیال میں تو اسے وائٹ بال ٹیم کا کپتان ہونا چاہیے تھا، لیکن اسے پسند و ناپسند کی بھینٹ چڑھا دیا گیا، اسے ضائع نہیں کرنا چاہیے۔عاقب جاوید نے کہا کہ پی سی بی والے سارا سال ڈومیسٹک کر اتے ہیں، لیکن سلیکشن کے وقت پرفارمرز کو نظر انداز کیا جاتا ہے، چیف سلیکٹر کی پسند نا پسند ہوتی ہے، اب پی ایس ایل کی پرفارمنس پر ٹیمیں بن رہی ہیں، ٹی ٹونٹی کی پرفارمنس پر ون ڈے اور ٹیسٹ کی سلیکشن ہوتی ہے، ذمہ داروں کو سوچنا چاہیے کہ اس نظام سے کرکٹ کیسے ٹھیک ہوگی۔سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کا کور گروپ بہت تگڑا ہے۔