انقرہ سپیکرز کانفرنس کشمیر تنازعہ سلامتی کونسل قراردادوںکے مطابق حل کرنے پر اتفاق اعلامیہ

اسلام آباد (نامہ نگار) ترکی میں ہونے والی چوتھی سپیکرز کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی، پاکستان کی نمائندگی سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کی، کانفرنس میں ’’دہشتگردی کے خلاف جنگ اور علاقائی رابطے کو مضبوط‘‘ بنانے پر غور کیا گیا۔ سپیکر کانفرنس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عالمی اور علاقائی امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، کشمیر تنازع سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر اتفاق، تمام ریاستوں کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کو سیاست سے گریز کرنے پر زور دیا، اعلامیہ کے مطابق کانفرنس میں شامل ممالک ایف اے ٹی ایف پر یکجا مؤقف اپنائیں گے، ترقی پذیر ممالک کے عوام کیلئے کووڈ 19 ویکسین کی با آسانی دستیابی پر زور دیا، ویکسین کی کمزور طبقات تک رسائی یقینی بنائی جائے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے چوتھی سپیکرز کانفرنس سے خطاب میں مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی افواج مظلوم اور نہتے کشمیری عوام پر ظلم کر رہی ہے، اسلامو فوبیا کی وجہ سے امت مسلمہ کو سکیورٹی کے خطرات لاحق ہیں، پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان اپنا کردار جاری رکھے گا۔ سپیکر نے کانفرنس کے اختتام پر جلال الدین رومی اور حضرت شمس تبریزی کے مزار پر بھی حاضری دی۔

ای پیپر دی نیشن