پاکستان میں کورونا سے بچاؤ کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عالمی وبا کے کیسز بڑھنے کے باعث ملک بھر میں انڈور اور آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات پر فوری طور پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ این سی او سی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آج ہونے والے اجلاس میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کورونا پھیلاؤ کے علاقوں میں 29 مارچ سے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے اور این سی او سی صوبوں کو کورونا پھیلاؤ کے ہاٹ اسپاٹ کے نقشے فراہم کرے گی، صوبے اس سے پہلے بھی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پابندی لگا سکتے ہیں۔