شیخوپورہ‘ اسلام آباد (خبر نگار + نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ تمہارے جلسوں اور دھمکیوں سے کسی کو کوئی خوف نہیں ہے، آئین واضح ہے کہ اگر کوئی عمل ہوگا تو کیا کارروائی کی جاسکتی ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ تمہیں اسٹیبلشمنٹ کی سرپرستی حاصل ہوئی، ان کی گود میں جا کر بیٹھے، سپیکر کو کہہ کر غیر آئینی اقدامات کروا رہے ہیں، پھر کہتے ہیں کہ نکالا تو خطرناک ہو جاؤں گا، ہم تیار ہیں، کروائیں الیکشن، پتہ چل جائے گا کہ کتنے مشہور ہیں۔ رانا ثناء اللہ خاں ایم این اے سے امیدوار صوبائی اسمبلی چوہدری شہباز احمد چھینہ اور مرکزی انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری ملک پرویز اقبال نے ملاقات کی اور انہیں ضلع کی سیاسی انتظامی وتنظیمی صورتحال سے آگاہ کرنے سمیت (ن) لیگ شیخوپورہ کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ جبکہ رانا ثناء اللہ نے تنظیمی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکنان ہمارا قیمتی سرمایہ و اثاثہ ہیں جنہیں ہمیشہ پارٹی نے فوقیت دی ہے اور کارکنان کی رائے کو مقدم رکھا ہے۔ ہم موجودہ نااہل حکمرانوں کی دھمکیوں سے گھبرانے والے نہیں۔ ہم اپنی قیادت کے ویژن کی تکمیل کی خاطر برسرپیکار ہیں اور ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ کو فروغ دے رہے ہیں۔ میاں نواز شریف کی جدوجہد کا محور و مرکز عوامی امنگوں کی ترجمانی ہے، جلد (ن) لیگ برسر اقتدار آکر ملکی معیشت کی سمت درست کرے گی اور عوام کو درپیش مسائل سے نجات دلا کر خوشحالی کا تحفہ دے گی۔