گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ایٹم بم بننے کے بعد کسی میں دھماکہ کرنے کی جرأت نہیں تھی وہ جرأت صرف نواز شریف کو ہوئی۔ پاکستان میں امن بھی ہوا معیشت میں بھی بہتری آئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ میں مہنگائی مکائو مارچ میں شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بھی آئی ایم ایف سے قرض لیا تھا لیکن آٹا، چینی،گھی کے ریٹ نہیں بڑھائے۔ نواز شریف آئے گا تو ہی غریب کا چولہا جلے گا۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب بار بار کہتے ہیں کہ ان کے پاس ٹرمپ کارڈ ہیں ان کے پاس ایک ہی کارڈ ہے کہ وہ گھر چلے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور غریب کا چولہا ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ یہ جو کٹھ پتلیاں ہیں یہ پاکستان نہیں چلا سکتے۔ ان کو رکھنے سے غریب کا نقصان ہوا ہے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے ہاتھوں سے کشمیر نکلا ہے اور ملک کی عزت گئی ہے۔ یہ رہے تو ملک کے حالات مذید خراب ہو جائیں گے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ عدم اعتماد ہمارا آئینی حق ہے اس میں روڑے نہ اٹکائے جائیں۔ ہم نہیں چاہتے کہیں تصادم ہو۔ ہم اپنی لڑائی عدالتوں میں اور پارلیمنٹ میں لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے دھرنے کی نوبت ہی نہیں آئے گی۔