اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) سابق وزیرداخلہ مرحوم سینیٹر عبدالرحمان ملک کی رسم چہلم آج ادا کی گئی سابق وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر رحمان ملک کی رسم چہلم اور قرآن خوانی ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی جس میں سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مرحوم عبدالرحمن ملک کی روح کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اور دعا کی گئی۔ پی پی پی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ، قمر زمان کائرہ، قاسم گیلانی، زمرد خان، چوہدری منظور اور پی پی پی اسلام آباد، راولپنڈی اور آزاد جموں و کشمیر کے وفود نے چہلم میں خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر مختلف صحافیوں، سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات نے مرحوم عبدالرحمن ملک کو ان کی ملک و قوم کے لیے بے مثال خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پاکستان، پاکستان پیپلز پارٹی اور عوام کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سید خورشید شاہ، قمر زمان کائرہ، قاسم گیلانی اور زمرد خان نے کہا کہ سینیٹر عبدالرحمن ملک کا انتقال پیپلز پارٹی کا بہت بڑا نقصان ہے۔ شرکا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم عبدالرحمن ملک انتہائی نفیس، ہمدرد اور رحم دل انسان تھے جنہوں نے ملک کے اعلی ترین عہدوں پر فائز ہونے کے باوجود عاجزانہ زندگی گزاری اور ہمیشہ ضرورت مندوں کی مدد کی۔
سابق وزیرداخلہ سینیٹر رحمان ملک کی رسم چہلم
Mar 28, 2022