کوئٹہ(بیورورپورٹ) وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ہرنائی میں کوئلہ کان میں پھنسے مزدورں کو بحفاظت نکالنے پر اطمینان اور خوشی کا اظہار اور اللہ تعا لیٰ کا شکر ادا کیا جبکہ وزیر اعلیٰ نے محکمہ معدنیات اور پی ڈی ایم اے کی ریسکیو ٹیموں اور آپریشن میں حصہ لینے والے مقامی لوگوں کو خراج تحسین کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کو 106 گھنٹے بعد زندہ سلامت ریسکیو کر لینا معجزہ سے کم نہیں۔ وزیراعلیٰ نے متاثرہ کان کو سیل کرنے اور کان مالک کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ معدنیات کو صوبے کی تمام کوئلہ کانوں کا سروے کرکے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جن کوئلہ کانوں میں کان کنوں کے تحفظ اور صحت و سلامتی کے انتظامات نہیں ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئلہ کانوں میں حفاظتی اقدامات کرنا مائن اونرز کی ذمہ داری ہے مائن اونرز غریب کان کنوں کی محنت کے باعث کثیر سرمایہ کماتے ہیں اور اپنے خاندانوں سے دور غریب محنت کش اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر مائن اونرز کو مالی فائدہ پہنچاتے ہیں ۔ دریں اثناء گوادر کے ایک نمائندہ وفد نے صوبائی وزراء سید احسان شاہ عبدالرشید بلوچ اور رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی کی قیادت میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے ملاقات کی ۔اس موقع پر انہوں نے کہا ہے گوادر پاکستان کا مستقبل ہے 2018 میں بھی وزیراعلیٰ کی حثیت سے گوادر کی ترقی پر توجہ مرکوز رکھی اور اب بھی گوادر کی ترقی اولین ترجیح ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ بلوچستان کی سمندری حدود میں غیر قانونی ٹرالنگ صفر ہو چکی ہے اور انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات میں بھی یہ مسئلہ اٹھایا تھا جس پر سید مراد علی شاہ نے سندھ کے ٹرالروں کی بلوچستان کے حد ود میں جانے پر پابندی لگانے کی یقین دہانی کرائی۔
کوئلے کی کانوں میں حفاظتی انتظامات مالکان کی ذمہ داری ہے یقینی بیائے جائیں : وزیراعلی بلوچستان
Mar 28, 2022