گوجرانوالہ، وزیر آباد، اسلام آباد (نمائندہ خصوصی، نامہ نگار، خبرنگار، رانا فرحان اسلم) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اصل چوہا عمران خان ہیں جو آٹا‘ چینی‘ لوگوں کا سکون اور پاکستان کی ترقی کو کھا گیا۔ گوجرانوالہ میں محمد حمزہ شہباز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان خود کو بچانے کے لئے سرکاری وسائل استعمال کر رہے ہیں جس پر انہیں شرم آنی چاہئے‘ یہی وسائل اگر عوامی سہولیات اور مہنگائی پر لگاتے تو بہتر ہوتا۔ مریم نواز نے کہا کہ عمران خان قوم کے ٹیکس کا پیسہ جلسوں پر خرچ کر رہے ہیں جس کا ان سے حساب لیا جائے گا‘ آپ امر بالمعروف پر جلسے کی بات کرتے ہیں‘ لوگوں سے کہا جا رہا ہے کہ اگر آپ کو نبی کریمؐ سے محبت ہے تو اس جلسے میں آئیں‘ یہ کیا طریقہ ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزل کا نامہ ہمیشہ کے لئے عمران خان کے لئے مختص ہونا چاہئے‘ مولانا فضل الرحمان کے لئے نہیں‘ کیوں کہ ڈیزل کی قیمت سب سے زیادہ ان ہی کے دور میں بڑھی۔ بلاول کی اردو پر تنقید کے جواب میں مریم نے کہا کہ بلاول اردو سیکھ سکا یا نہیں لیکن آپ 75 سال میں تمیز نہیں سیکھ سکے‘ آپ کو یہ تک نہیں پتا کہ آپ ٹی وی پر کھڑے ہو کر کیا کہہ رہے ہیں؟۔ آپ ہمارے بڑوں کو چوہا کہہ رہے ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء میں سب سے بڑے چوہے آپ ہیں جو سلیکٹ ہو کر آئے اور سپیکر کے ذریعے عدم اعتماد کی تحریک کو آگے بڑھا رہے ہیں‘ اصل میں عوام کا آٹا چینی کھانے والا چوہا آپ ہیں‘ یہ وہ چوہا ہے کہ جو لوگوں کا سکون کھا گیا‘ یہ وہی چوہا ہے جو پاکستان کی ترقی کو کھا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ لوگوں کو کرپٹ کہہ کر کرپشن کارڈ استعمال کرنے والے چینی اور آٹا سکینڈل سمیت ادویات سکینڈل آپ ہی کا پیدا کر دہ ہے اور آپ کہتے ہیں میں آلو پیاز کے نرخ معلوم کرنے کے لئے نہیں آیا۔ رہنما ن لیگ نے کہا کہ آپ لوگوں سے بھیک مانگ رہے ہیں کہ واپس آ جاؤ اور کہتے ہیں کہ یہ لوٹے ہیں‘ یہ وہی لوٹے ہیں جو گزشتہ ساڑھے تین سال سے آپ کے ساتھ تھے‘ سب سے پہلے آپ کی پارٹی نے ہی آپ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا‘ کیا آپ کے دو درجن ایم این ایز کو امریکہ نے کہا تھا کہ ساتھ چھوڑ دیں؟۔ جہاں سے آپ کی پارٹی آئی تھی راتوں رات وہاں سے واپس چلی گئی‘ آپ کے لئے جہاز بھر بھر کر ایم این اے لانے والے ہی ساتھ چھوڑ گئے اور آپ کہتے ہیں امریکی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس کون سا ٹرمپ کارڈ ہے؟۔ آپ کے پاس ایک ہی کارڈ ہے کہ استعفی دیں اور گھر جائیں اور ہمیشہ کے لئے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے پاکستان چھوڑ جائیں۔ مریم نواز نے کہا کہ دوسروں کو کرپٹ کہنے والا خود کرپشن میں ملوث ہے‘ آپ کی پارٹی نے تسلیم کیا کہ فارن فنڈنگ پر جھوٹ بولا گیا‘ سکینڈلز کا باپ یعنی فرح نامی خاتون جب منظر عام پر آئے گی پتہ چل جائے گا‘ اس کے شواہد موجود ہیں‘ عمران خان چالاک لومڑی بننے کی کوشش نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف اسی دھرتی کے بیٹے ہیں اور واپس آئیں گے۔ نواز شریف‘ شہباز شریف سمیت لیگی رہنماؤں نے جیلیں برداشت کیں لیکن عمران خان آپ ایک دن بھی جیل برداشت نہیں کر سکتے‘ جس دن منہ کھولا اور سچ سامنے آیا تو جیل جائیں گے۔ سب شواہد موجود ہیں۔ عمران خان بھاگنے والے ہیں لیکن ہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے۔ مریم نواز نے کہا ہے کہ یہ وہی لوٹے ہیں جن سے 3 سال وضو کرتے رہے۔ مریم نواز نے کہا کہ کاوے موسوی نے بھی نواز شریف سے معافی مانگی‘ نیشنل کرائم ایجنسی نے بھی کہا منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہوئی۔ جج ارشد ملک نے معافی مانگی‘ وہ وقت دور نہیں جب عمران خان نواز شریف‘ شہباز شریف سے معافی مانگے گا۔ جو الزام تم نے نواز شریف‘ شہباز شریف پر لگائے وہ آج تم پر لگ رہے ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ مری میں سیاح برف میں دب گئے لوگ آوازیں دیتے رہ گئے۔ شہباز شریف آپ سے ہزار گنا اچھے تھے‘ شہباز شریف سیلاب کے دوران پانی میں اترتا تھا اس کو خدمت کہتے ہیں شو بازی نہیں۔ کوئٹہ کے اندر ہزارہ برادری ان کو پکار رہی تھی۔ عمران خان کوئٹہ نہیں گئے تھے‘ اب دو‘ دو سیٹوں والوں کے پاس ماتھا ٹیک رہے ہیں۔ تاریخ کے بدترین سکینڈل ان کی حکومت میں آئے۔ ن لیگ کا حکومت کے خلاف مہنگائی مکاؤ مارچ اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے۔ مارچ شاہدرہ سے ہوتا ہوا گوجرانوالہ پہنچا ہے جس کی قیادت مریم نواز اور حمزہ شہباز کررہے ہیں۔ قبل ازیں (ن) لیگ کا مہنگائی مکائو مارچ رات گئے شاہدرہ پہنچا جہاں لیگی کارکنوں کی جانب سے مارچ کے استقبال کے لیے آتش بازی کی گئی۔ مریم نواز نے کہا کہ ہمیں شاہدرہ پہنچتے ہوئے 8 سے 9 گھنٹے لگے۔ رات 2 بجے بھی گوجرانوالہ کی سڑکوں پر لوگ موجود تھے۔ مہنگائی مارچ کا اصل نام ردالفساد ہونا چاہئے۔ پچھلے 50 سال میں پاکستان نے اتنی شیطانیت نہیں دیکھی۔ لوگوں سے بدتمیزی کرنا کیا امر بالمعروف ہے۔ آپ بار بار مولانا فضل الرحمن کو ڈیزل کہتے ہیں۔ جتنی قیمت ان کے دور میں ڈیزل کی بڑھی‘ عمران خان کا نام ڈیزل رکھ دینا چاہئے۔ آپ نے جلسے میں پھر مذہب کارڈ کا استعمال کیا۔ عوام کی محنت کی کمائی جلسوں میں اڑائی جا رہی ہے۔ سکینڈل آپ کی حکومت میں بنے ہیں۔ آپ ڈی چوک میں دوبارہ پہنچ گئے ہیں۔ آپ کسی بین الاقوامی سازش سے نہیں لوگوں کی بددعاؤں سے اس حال کو پہنچے۔ شہباز شریف آپ سے ہزار گنا بہتر ہے۔ کچن چلانے اور جہاز بھر بھر کر لانے والے ساتھیوں نے آپ پر عدم اعتماد کیا۔ بھاش سن سن کر کان پک گئے ہیں۔ جو آپ سے سوال کرے ایکشن لے وہ نواز شریف کا بندہ ہے۔ نواز شریف لندن میں بیٹھ کر کنٹرول کر رہا ہے تو آپ شرم سے مستعفی ہو جائیں۔ عمران خان چالاک لومڑی بننے کی کوشش نہ کرو۔ نواز شریف پاکستان کا بیٹا ہے۔ حمزہ شہباز نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ لاہور کے باسیوں نے لانگ مارچ کو چار چاند لگائے۔ لانگ مارچ میں رکشے اور موٹر سائیکل والے بھی شریک تھے۔ رات کو بچے دودھ نہ ہونے کی وجہ سے بھوکے سوتے ہیں۔ نیا پاکستان کو صرف ایک کھیل تماشا سمجھا۔ ہفتہ کے روز عوام نے لاہور کی سڑکوں پر عدم اعتماد کر دیا۔ عمران نیازی ہم بھی آ رہے ہیں‘ کارکن بھی آ رہے ہیں۔ عمران خان نے مسلم لیگ ن سے انتقام لیا۔ اﷲ تعالیٰ آپ سے ظلم کا حساب لے گا۔ انہوں نے کہا عمران کے جلسے میں 10 لاکھ تو دور 10 ہزار بندہ بھی نہیں آیا۔ انہوں نے کہا آج تم سٹیج پر چڑھ کر کھسیانی بلی بن کر کہتے ہو میرے پاس بڑے راز ہیں مگر ان کو کھولوں گا نہیں۔ تمہارے پاس راز ہوتے تو تم پوری دنیا میں نشر کرتے۔ تم نے جب زبان کھولی تو کرپشن کے پرندے کھل جائیں گے۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا مہنگائی مکائو مارچ جلسہ میں وزیر اعظم کی تقریر کا جواب دیا جائے گا۔ اپوزیشن مطالبہ کریگی کہ خط کو قوم کے سامنے پیش کیا جائے اور حقائق سے آگاہ کیا جائے۔ عمران خان بے بنیاد الزامات اور بہتان تراشی سے قوم کو گمراہ کر رہے ہیں۔ اپوزیشن اتحاد کا مہنگائی مکائو مارچ آج اسلام آباد پہنچے گا اور شام کو جلسے کا انعقاد کیا جائے گا جس میں اپوزیشن قائدین تقاریر کریں گے۔ عمران خان کے جلسے کی تقریر اور اس میں لگائے جانے والے الزامات کا جواب دیا جائے گا۔ مریم نواز نے کہا اسلام آباد والوں نے جلسہ میں نہ جاکر عمران خان کی سیاست دفن کردی ہے۔ عمران خان ایئرپورٹ پر بھی 50، 60 لوگ رخصت کرنے جاتے ہیں تمہیں رخصت کرنے 50، 60 لوگ بھی نہیں آتے۔ پریڈ گرائونڈ میں جلسہ کرنے والا پاکستان کا سب سے بڑا چوہا ہے جو پریڈ گرائونڈ میں کھڑا ہوکر چی چی کررہا تھا۔ عمران خان اپنے جلسے کی ناکامی کی وجہ نوازشریف کو نہ کہہ دینا۔ پاکستان کا سب سے بڑا چوہا جو کھا کھا کر موٹا ہوگیا ہے اس کا نام عمران خان ہے۔ نوازشریف لندن میں بیٹھ کر جس سے ملتا ہے ملک کے مفاد کیلئے ملتا ہے۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحما ن نے اسلام آباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کا یہ مظاہرہ چند ہی دنوں میں آزادی مارچ کا نتیجہ مہیا کرے گا۔ ایک ساتھی کی شہادت کا افسوس ہے۔ یہ اللہ کے راستے کا مجاہد اپنے خون کا نذرانہ پیش کرکے اللہ کے حضور پیش ہوگیا۔ اللہ پاک ان کی شہادت کو قبول فرمائے۔ یہ جم غفیر بیٹھا ہے۔ اس جلسے کے مقابلہ میں ایک جلسی بھی منعقد ہوئی ہے۔ دنیا کو دھوکہ دیتے رہے۔ پتہ نہیں کہاں سے اس کے غبارے میں ہوا بھری گئی۔ ہوا سے بھرے غبارے کو حقیقی سمجھا گیا لیکن سوئی کے ایک سرے سے اس غبارے سے ہوا نکل گئی۔ کرائے پر، سرکاری وسائل کے ساتھ لوگوں کو لایا گیا، چند ہزار کرسیاں بھی نہیں بھری گئیں۔ کسی نے بتایا کہ مغرب کی اذان میں الصلاۃ خیر من النوم کہا گیا۔ تلاوت کلام سے ابتدا کرنے کے لئے ان کو کوئی قاری نہیں ملا۔ یہ ریاست مدینہ کا دعوی کرتے ہیں۔ اپنے منکرات کو معروف کہنے والے اپنی جہالت پر ماتم کریں۔ امر بالمعروف کا لفظ نہیں بولنا آتا۔ ناظرہ ہی وہ آیت سنا دے جس میں امر بالمعروف کا ذکر ہے۔ عمران خان سن لو!۔ تمھارے ایجنڈے کو جانتا ہوں۔ تمھارا ایجنڈا پاکستان سے اسلام کا جنازہ نکالنا، اسرائیل کو تسلیم کرنا، مدارس کو ختم کرنا، آئین کے اسلامی دفعات کا خاتمہ کرنا، قادیانیوں کے غیر مسلم شق کو ختم کرنا ہے۔ اسی ایجنڈے پر عمل کر رہے ہو جو مشرف کا تھا۔ امریکہ پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اسلامی دنیا میں ایجنٹ بھیجے ہیں، اس ایجنڈے کو پورا نہیں ہونے دیں گے۔ نئی نسل کو مذہب سے بیزار کرنے کے لئے وسائل استعمال کئے۔ ہم نئی نسل کو اسلام کی طرف لائے ہیں اور تمھارا ایجنڈا ناکام بنایا ہے۔ کبھی مایوس مت ہونا، جس منزل کی طرف جانے کا رخ کیا ہے۔ مدراس کو بند کرنے کا منصوبہ بنایا، مدارس میں ہزاروں کا اضافہ ہوا ہے۔ اسلامی تہذیب کے پیچھے دینی مدارس ہیں، کوئی ان قلعوں کو مسمار کرنے کی بات کرے گا تو اپنے باپ فرنگی سے پوچھ لو، جو حال ان کا کیا وہی تمہارا کریں گے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ریاست مدینہ کی نسبت جناب رسول اللہ ﷺ سے ہے، لیکن عمران خان تمہیں تمہارا نسب بتاتا ہوں۔ مولانا فضل الرحمن نے جلسہ سے خطاب میں کہا ہے کہ آج کا مظاہرہ چند دنوں میں آزادی مارچ کا نتیجہ مہیا کردے گا۔ آپ ایک بار پھر نئے ولولے کے ساتھ اسلام آباد آئے ہیں۔ ہمارے مقابلے میں اسلام آباد میں ایک جلسی ہوئی، یہ لوگ جلسے میں کرسیوں کو بھی نہیں بھر سکے۔ عمران خان میں تمہارے ایجنڈے کو جانتا ہوں، تمہارا ایجنڈا پاکستان سے اسلام کو نکالنا تھا۔ تمہارا ایجنڈا اسرائیل کو تسلیم کرانا تھا۔ تمہیں مسلط کیا گیا کہ آئین کی اسلامی دفعات کا خاتمہ کیا جائے۔
اصل چوہا عمران جو آٹا ، چینی ، ملکی ترقی کھا گیا، مریم ،حمزہ : مارچ رواں دواں ، پی ڈی ایم کا جلسہ آج
Mar 28, 2022