اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں کارکنوں سے حلف بھی لیا گیا۔ تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کارکنوں سے حلف لیا اور تمام کارکنوں نے ہاتھ اٹھا کر حلف اٹھایا۔ سٹیج پر موجود وزیراعظم عمران خان سمیت تمام افراد نے بھی ہاتھ اٹھا کر حلف لیا۔ حلف یہ تھا ’ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم اﷲ کے فرمان امر بالمعروف و نہی عن المنکر پر عمل کریں گے‘ ہم نیکی کو نیکی اور بدی کو بدی کہیں گے۔ ہم ہمیشہ حق کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور باطل کو رد کریں گے۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم اﷲ کے سوا کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنی عزت نفس‘ پاکستانیت‘ خود مختاری اور خودداری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم ہر رنگ‘ نسل و مذہب کے پاکستانی ہمیشہ سبز ہلالی پرچم تلے یکجا رہیں گے۔ اﷲ تعالیٰ ہمارے ملک کو ترقی و کامرانی عطا فرمائے۔ سینیٹر فیصل جاوید کے ساتھ کارکنان الفاظ دہراتے رہے۔