کراچی (این این آئی) وزیر اطلاعات ومحنت سندھ سعید غنی نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ کے ہمراہ اچانک مسلم آباد یوسی 14 میں سڑکوں پر جاری استرکاری کے کام کا معائنہ کیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ضلع شرقی کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کا ازخود معائنہ کر رہا ہوں، پیپلز پارٹی کے وژن کے مطابق ضلع شرقی میں ترقیاتی کاموں کا عمل جاری ہے۔ ڈی ایم سی ایسٹ کی جانب سے شاہراہوں، گلی، محلوں کی بہتری کے حوالے سے جاری ترقیاتی عمل خوش آئند ہے، شہر کے انفراسٹرکچر میں بہتری لانے کیلئے ڈی ایم سیز کا اہم کردار ہے، لہذا شہریوں کو بلدیاتی سہولیات فراہم کرنا ڈی ایم سیز کی اولین ترجیح ہونی چاہیئے۔ اس موقع پر انہوں نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور تکنیکی مہارتوں کا ہر صورت خیال رکھا جائے تاکہ شہری ترقیاتی منصوبوں سے تادیر مستفید ہوسکیں جبکہ سڑکوں کی تعمیر سے قبل زیر زمین نکاسی یا فراہمی آب کے حوالے سے کام سر انجام دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں اس کے بعد سڑک کی تعمیر عمل میں لایا جائے۔ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ نے اس موقع پر صوباء وزیر کو ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع شرقی کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کام جاری ہیں، کشمیر کالونی، محمودآباد، کراچی ایڈمن سوسائٹی، پی ای سی ایچ ایس، گلشن اقبال کے مختلف بلاکس، حسین ہزارہ گوٹھ سمیت دیگر گوٹھوں میں عوام کو ترقیاتی کاموں سے مستفید کیا جارہا ہے جاری ترقیاتی کاموں کورواں مالی سال میں مکمل کرلیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ صوباء وزیر کی ہدایت پر ترقیاتی کاموں میں معیار اور تکنیکی مہارتوں کا خاص خیال رکھا جارہا ہے کوشاں ہیں کہ ضلع شرقی کے انفراسٹرکچر کو بہتر کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کو بروئے کار لایا جائے،مذکورہ جگہ پر ترقیاتی کاموں کی انجام دہی پر علاقہ مکینوں سمیت جماعت اسلامی کی جانب سے صوباء وزیر سعید غنی اور ایڈمنسٹریٹر رحمت اللہ شیخ اور ان کی ٹیم کو زبردست الفاظ میں سراہا گیا. صوبائی وزیر کے دورے کے دوران سپریٹنڈنگ انجنئیر بی اینڈآر سلمان میمن اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجنئیر ندیم شیخ اور پیپلز پارٹی کے ضلع شرقی کے رہنما لالہ رحیم، ارشد جان بھی موجود تھے۔