لاہور(نامہ نگار)سی سی پی اوفیاض احمد دیو نے کہا ہے کہ لاہور پولیس ہر لمحہ اپنے شہداء کے ورثاء کیلئے سرپرست کی حیثیت سے موجود ہے۔ جاِم شہادت نوش کرنے والے بہادر اہلکار لاہور پولیس کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ شہدا پولیس کے ورثاء کی خوشیوں اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔ فلاح و بہبود مشن ہے۔ لاہور پولیس کا اپنے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کے ورثاء کی خوشیوں میں شریک ہونے کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری ہے۔ فیاض احمد دیو کی ہدایت پر ڈی ایس پی ڈویلپمنٹ مصطفٰے حسن نے شہید سب انسپکٹر محمد اسلم کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں شرکت کی۔ دیگر سینئر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سب انسپکٹر محمد اسلم 2013ء میں شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کرتے جرائم پیشہ افراد کی فائرنگ سے شہید ہو گئے تھے۔ ڈی ایس پی ڈویلپمنٹ مصطفٰے حسن اورسینئر افسران نے دلہا محمد حارث کو سی سی پی او لاہور فیاض احمد دیو کی طرف سے گلدستے پیش کیے۔ڈی ایس پی مصطفٰے حسن نے شہید سب انسپکٹر کے بیٹے کو شادی پر سی سی پی او فیاض احمد دیو کی طرف سے مبارک باد اور تحائف دئیے۔شہید سب انسپکٹر کے بیٹے اور ورثاء نے لاہور پولیس کے اس خوش آئند اقدام پر سی سی پی او لاہور اور دیگر افسران کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔