آسٹر یلیا بڑی ٹیم ، آساں نہیں لینگے، حارث رئوف، پاکستان سے مقابلہ اچھا ہو گا


لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر حارث رئوف نے کہاہے کہ پاکستان ٹیم کنڈیشنز کا فائدہ اٹھائے گی اور ون ڈے سیریز جیتنے کی کوشش کرے گی، سیریز کو کسی صورت آسان نہیں لے سکتے۔لاہور میں آن لائن پریس کانفرنس کے دوران حارث رئوف نے کہا کہ آسٹریلوی سکواڈ کے کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ میں ناتجربہ کار ضرور ہیں لیکن انہیں ڈومیسٹک کا تجربہ ہے، آسٹریلوی کرکٹرز بگ بیش لیگ کھیلتے ہوئے آ رہے ہیں۔آسٹریلیا ایک بڑی ٹیم ہے ہم ہی نہیں آسٹریلیا بھی پرجوش ہے، شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ ٹیسٹ سیریز بہت اچھی ہوئی، فینز کرکٹ سے لطف اندوز ہوئے، میرا خواب تھا کہ میں ٹیسٹ کھیلوں گا، ٹیسٹ سکواڈ میں تھا لیکن کرونا کا شکار ہوا اور بعد میں کمبی نیشن کی وجہ سے پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں بن سکا۔ نسیم شاہ اور دیگر بائولرز نے عمدہ بائولنگ کی، مجھے امید ہے کہ جلد مجھے بھی موقع ملے گا۔ شان ٹیٹ کیساتھ بات چیت ہو رہی ہے، ان کیساتھ کام کر رہا ہوں، وہ چاہتے ہیں کہ ڈیتھ اوورز میں بائولنگ اچھی ہونی چاہئے، اب وہ مجھے ٹریننگ کے دوران اس حوالے سے بتائیں گے۔آسٹریلوی کرکٹر ایڈم زمپا نے کہاکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی سٹرنتھ کا پتہ ہے ان کیخلاف میں پلان کروں گا۔لاہور میں آن لائن پریس کانفرنس کے دوران ایڈم زمپا نے کہا کہ ہمارے بائولنگ اٹیک میں بائولرزنے بہت کم ون ڈے میچز کھیلے ہیں جبکہ کچھ بائولرز نے ابھی ون ڈے میچز نہیں کھیلے یہ سیریز ان کیلئے بڑی اہم ہے، بائولرز کو اس سیریز سے بہت تجربہ ملے گا۔ پاکستان کی ون ڈے ٹیم بہت اچھی ہے، ہمیشہ اچھا مقابلہ ہوتا ہے، ون ڈے سیریز میں مقابلہ ٹیسٹ کرکٹ سے بہت مختلف ہوگا اور پچز بھی مختلف ہوں گی، ہم نے پاکستانی بیٹرز کیخلاف پلان کیا ہے ابھی ہم نے دو ٹریننگ سیشن کرنے ہیں۔ یہاں ون ڈے سیریز ہمارے لئے ایک مشکل چیلنج ہے، یہ سیریز ہمارے لئے بھی اور اہم ہے، امید ہے کہ ہم مشکل چیلنج پر پورا اتریں گے۔ پاکستان آکر بہت پرجوش ہوں میں ہی نہیں سب پرجوش ہیں، کندھے کی تکلیف سے اب آرام ہے، کپتان ایرون فنچ بہت سپورٹ کر رہے ہیں، اس سیریز میں کمبی نیشن مختلف ہوگا۔ گرم موسم کی وجہ سے مشکل نہیں ہو گی، آسٹریلیا میں بھی بہت گرمی پڑتی ہے لیکن تھوڑی مختلف ہوتی ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ کل قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔ 

ای پیپر دی نیشن