لاہور(سپورٹس ڈیسک ) آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ نے بھارتی امیدوں پر پانی پھیر دیا‘تین وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔نیوزی لینڈ میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے سات وکٹوں پر 274رنز بنائے ۔ سمریتی مندھانا 71‘شفالی ورما53‘کپتان متھالی راج 68اور ہرمن پریت کور 48رنز بناکر نمایاں رہیں ۔ شبنم اسماعیل اور مساباتا کلاس نے دو دو کھلاڑیوںکو آئوٹ کیا ۔ جنوبی افریقن ویمنز ٹیم نے ہدف سات وکٹوں پرپوراکرلیا ۔ لائورا ولورڈٹ 80‘لارا گڈال 49اور میگنن ڈیو پریز 52رنز بناکر نمایاں رہیں ۔ راجیشوری گیاکواڈ اور ہرمن پریت کور نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ میچ وننگ اننگز کھیلنے پر میگنن ڈیو پریز کو میچ کی بہتری کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ اہم میچ میں بنگلہ دیش کو 100 رنز سے ہرا کر دفاعی چیمپئن انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ گروپ میچ میں انگلینڈ نے 6وکٹوں پر 234رنز بنائے ۔ سوفیہ ڈنکلے 67‘نیٹ سکائیور 40اور ٹیمی بیامائونٹ 33رنز بناکر نمایاں رہیں ۔ سلمیٰ خاتون نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ بنگلہ دیش کی ٹیم 235 رنز کے تعاقب میں 134 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ لتا منڈل 30، شرمین اختر 25 اور شمیم سلطانہ 23 رنز بناکر نمایاں رہیں۔ سوفی ایکلسٹن اور چارلی ڈین نے 3،3 جبکہ فرییا ڈیوس نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔سوفیہ ڈنکلے کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی ہے ۔ آسٹریلیا‘جنوبی افریقہ ‘انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے ۔ ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان تیس مارچ کو کھیلا جائے گا ۔ ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان اکتیس مارچ کو ہوگا۔ ایونٹ کا فائنل تین اپریل کو کھیلا جائیگا۔ پاکستان ٹیم ایونٹ میں سات میچ میں سے صرف ایک میچ جیت سکی اور آخری نمبر پر رہی ۔ جنوبی افریقہ کے جیتنے پر ویسٹ انڈیز کے ڈریسنگ روم میں جشن کا سماں پیدا کیا ۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جنوبی افریقہ اور بھارت کے میچ کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں پروٹیز کے مداحوں کے جشن منانے اور شکست خوردہ بھارتی کھلاڑیوں کے افسردگی کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔