پاکستان میں ٹائروں کی پیداوارسے سمگلنگ کی روک تھام میں مددملے گی:صدر

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹائروں کی پیداوار سے سمگلنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی۔آج کراچی میں ٹائر فیکٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔ صدر نے کہا کہ اس فیکٹری کا قیام چین اور پاکستانی سرمایہ کاروں کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سٹیٹ بینک کے گورنر ڈاکٹر رضا باقر نے کہا کہ سٹیٹ بینک نے ملک میں کاروباری سرگرمیاں بڑھانے کیلئے عارضی طورپر دوبارہ قرضے دینے کی اقتصادی سہولت متعارف کرائی ہے اور اس سکیم کے تحت خاص طور پر چھوٹے کاروباروں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر قرضے دئیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تیار مصنوعات کے ذریعے برآمدات کے فروغ اور سرمایہ کاری لانے کیلئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں۔سٹیٹ بینک کے گورنر نے کہا کہ کمرشل بینکوں کے ذریعے چھوٹے کاروباروں کو ترجیحی بنیادوں پر قرضے فراہم کئے جارہے ہیں جس کا مقصد ملک میں کاروباری سرگرمیاں بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیکٹری کے ذریعے سالانہ 30 کروڑ ڈالر کی برآمدات متوقع ہیں۔

ای پیپر دی نیشن