اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) امریکی قیادت میں ہونے والی ورچوئل ڈیموکریسی سربراہی کانفرنس کا آغاز آج منگل کو ہو گا۔ پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کو 2021ءمیں پہلی سربراہی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی جہاں بھارت نے شرکت کی تھی لیکن پاکستان شامل نہیں ہوا تھا۔ امریکا میں منعقدہ کانفرنس میں پاکستان کی عدم شرکت کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان سے رابطہ نہ کرنے پر پاکستان نے دوری اختیار کی تھی۔ معاشی بحران سے دوچار پاکستان کے لیے یہ کانفرنس بین الاقوامی اداروں اور دوست ممالک سے فنڈز حاصل کرنے کے لیے امریکا کی حمایت کا ایک موقع ہوسکتا ہے۔ آج سے واشنگٹن میں شروع ہونے والی ڈیموکریسی سربراہی کانفرنس پاکستان کی سفارت کاری کے لیے ایک ٹیسٹ ہوگا جہاں اپنے دیرینہ اتحادی چین کو ناراض کیے بغیر امریکا سے تعلقات بہتر کرنے کا موقع ملے گا۔ وہیں پاکستان کا سدا بہار دوست اور قریبی اتحادی ان اقدامات کا قریب سے جائزہ لیتا رہے گا۔ واضح رہے کہ امریکا نے چین کے بجائے ان کے درمیان جھگڑے کا باعث بننے والے تائیوان کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
ورچوئل ڈیموکریسی سربراہی کانفرنس آج واشنگٹن میں شروع ہو گی
Mar 28, 2023