کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز نے حکومت کا سستا پٹرول پراجیکٹ ماننے سے انکار کرتے ہوئے مذکورہ پراجیکٹ کو پیٹرولیم ڈیلرز اورعوام کے درمیان متوقع بڑے تنازعے کا سبب قرار دیدیا ۔پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے فاﺅنڈر ممبراورسینئر رہنما ملک خدا بخش نے پیرکو اپنے دفتر میں میڈیاسے بات چیت میں کہا پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ممبران حکومت کی جانب سے سستا پیٹرول سکیم کے اعلان سے بے پناہ پریشان ہیں اور مسلسل ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان سے رابطے میں ہیں اور حکومت کے سستے پیٹرول منصوبے کے سلسلے میں پیچیدگیاں ہیں،وزیرپیٹرولیم گزشتہ دنوں کراچی آئے تھے اورایسوسی ایشن کے وفد نے ان سے ملاقات کی تھی ۔ وزیرپیٹرولیم نے جب سستا تیل پالیسی پر بات کی تو ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع نے وزیرپیٹرولیم کو واضح طور پر کہا ا س معاملے میں حکومت نے ہمیں اعتماد میں نہیں لیااورہم اس پالیسی کو سمجھے بغیر اس پر عملدرآمد سے قاصر ہیں جبکہ ہم نے ہمیشہ حکومت کا ساتھ دیا ہے تو اس معاملے میں حکومت نے ہمیں علیحدہ کیوں کیا۔جس پر وزیرپیٹرولیم نے وعدہ کیا پالیسی تیار ہورہی ہے اورہم ایسوسی ایشن سے ضرور بات کریں گے لیکن اس کے باوجود وزیر پیٹرولیم نے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا اور سستا پیٹرول کی فراہمی کا اعلان کردیا۔ملک خدابخش نے کہا افسوس اس بات کا ہے حکومت سستا پیٹرولیم فراہمی پروجیکٹ کو پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی مشاورت کے بغیر لاگو کرنا چاہتی ہے جو ناممکن ہے ،ہم سمجھتے ہیں کہ سستا پیٹرولیم پروجیکٹ کی تمام تر پیمنٹس کا پریشر پیٹرولیم ڈیلرز پر پڑے گا کیونکہ پیٹرول پمپس مالکان ایک پیسہ بھی ادھار نہیں دے سکتے کیونکہ موجودہ پیٹرولیم مارکیٹ کی صورتحال اس وقت انتہائی پریشان کن ہے، ۔ انہوں نے کہا پیٹرول پمپ مالکان کے پاس کوئی ایسا خزانہ نہیں کہ وہ ادھار یا سستا پیٹرول لوگوں کو دے سکیں ،اس لئے حکومت بہت سوچ سمجھ کر اس منصوبے پر کام کرے ۔
پیٹرولیم ڈیلر
پیٹرولیم ڈیلرز نے حکومت کا سستا پٹرول پراجیکٹ ماننے سے انکار کر دیا
Mar 28, 2023