اسلام آباد (خبر نگار)راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعلی پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما چوہدری پرویز الٰہی کی طبیعت بگڑنے پر اسلام آباد پولیس انہیں پمز ہسپتال میں چیک اپ کیلئے لے کر پہنچی ۔واضح رہے کہ 19 مارچ کو پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے کی سماعت کے دوران اینٹی کرپشن عدالت لاہور میں پیش کی گئی جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی جیل کے واش روم میں گرگئے تھے، جس کے سبب انہیں معمولی فریکچر ہو گیا تھا۔
جیل ذرائع کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی کے سر، کمر اور آنکھ پر زخم آئے تھے۔24 مارچ کو خیبر حکومت نے مطالبہ کیا تھا کہ صوبے کے ڈاکٹروں کی ٹیم کو رہنما پی ٹی آئی چوہدری پرویز الٰہی کا طبی معائنہ کرنے اور ان کے زخموں کی حقیقت کا تعین کرنے کی اجازت دی جائے۔