راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری ایوی ایشن کے دفتر میں نو تشکیل یافتہ پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کی افتتاحی بورڈ میٹنگ ہوئی، جس سے کمپنی کے آپریشن کا باضابطہ آغاز ہوگیا ہے۔ وفاقی حکومت نے 20 مارچ 2024 ء کو پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے قیام کو عمل میں لایا تھا، اور گزشتہ ہفتے اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز بھی نامزد کردیئے تھے۔ مالیاتی حلقوں کی ایک معتبر شخصیت، طارق باجوہ جو اس سے قبل سٹیٹ بینک کے گورنر اور فیڈرل سیکرٹری خزانہ کے عہدوں پر کام کر چکے ہیں کو چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ موجودہ سی ای او پی آئی اے، ائیر وائس مارشل عامر حیات کو نئی کمپنی کے پہلے سی ای او ہوں گے۔ نئے چئرمین کی سربراہی میں پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے اجلاس میں پی آئی اے کی پرائیوٹائزیشن سے متعلق سکیم آف ارینجمنٹ کی منظوری بھی دی گئی ۔ واضح رہے کہ یہ سکیم آف ارینجمنٹ، وفاقی کابینہ اور پی آئی اے سی ایل بورڈ پہلے ہی منظور کر چکا ہے۔ اس کے علاوہ، بورڈ نے کمپنی سے متعلق مختلف اہم امور پر مفصل تبادلہ خیال کیا، جس میں ہولڈنگ کمپنی کی تنظیم سازی سے منسلک فیصلے بھی کئے گئے۔