اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد کی سفارتی برادری کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتما کیا۔ ترجمان کے مطابق تقریب کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا اور رواداری کے پیغام کو آگے بڑھانا ہے۔ وزیر خارجہ نے افطار ڈنر سے خطاب میں کہا دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے رمضان کے مقدس مہینے کی خاص مذہبی، سماجی اہمیت ہے۔ ہم آہنگی اور مشترکہ سوچ کیلئے بات چیت اور تعاون اہم ہے۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی امن‘ مساوات اور انصاف کے اصولوں پر مبنی ہے۔ پاکستان 2025ء اور 2028ء کیلئے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست کیلئے امیدوار ہے۔ ایشیا پیسفک گروپ کے ملکوں نے اس سلسلے میں پاکستان کی حمایت کی ہے۔ پاکستان کی حمایت پر ہم ان ممالک کے بے حد مشکور ہیں۔ پاکستان سلامتی کونسل میں غیر مستقل نشست کیلئے تمام ملکوں کی حمایت کا خواہاں ہے۔ پاکستان عالمی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے کونسل کے مینڈیٹ کو فروغ دے گا۔ رمضان المبارک کے مہینے میں ہمیں غزہ کے مسلمانوں کو نہیں بھولنا چاہئے۔ غزہ کے مسلمانوں کو گزشتہ 6 ماہ سے بھوک اور جنگ کا سامنا ہے۔ غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا وقت آ گیا ہے۔ سلامتی کونسل سے کہا ہے سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر فلسطین اور کشمیر سمیت دیرینہ تنازعات کو حل کیا جائے۔ ماسکو اور بشام میں ہونے والے حملے یاد دلاتے ہیں دہشتگردی پوری دنیا کیلئے خطرہ ہے۔ پاکستان اس خطرے سے نمٹنے کیلئے علاقائی اور عالمی شراکت داری کو فروغ دیتا رہے گا۔ امن کی جیت تک دہشتگردی کیخلاف ہماری جنگ ختم نہیں ہو گی۔